Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں پہلی بار مسافر طیارے کی بذریعہ سڑک کراچی سے حیدرآباد منتقلی

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی مسافر طیارے کو ٹرک پر لاد کر بذریعہ سڑک ایک سے دوسرے شہر منتقل کیا جا رہا ہے۔ 
جمعرات کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر طیارے کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوئیں جن میں بتایا گیا کہ ناکارہ طیارے کو کراچی سے حیدرآباد منتقل کیا جا رہا ہے۔ 
 ہسٹری آف پی آئی نامی فورم پر شیئر کی جانے والی تفصیلات کے مطابق یہ ناکارہ طیارہ بوئنگ 737-300 ہے جسے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حیدرآباد کے سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹیٹیوٹ منتقل کیا جا رہا ہے۔ 

فورم پر شیئر کی جانے والی تفصیل کے مطابق اس سے قبل اس طیارے کو 2019 میں کراچی ایئرپورٹ پر ناکارہ حالت میں کھڑا دیکھا گیا تھا۔

 تاہم اب اس طیارے کے انجن، پروں اور باڈی کو الگ کر کے 40 ویلر ٹریلر ٹرک پر لاد کر حیدر آباد سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ منتقل کیا جائے گا جہاں اسے تربیتی مشقوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ 

یہ پہلا موقع ہوگا جب پاکستان میں کسی طیارے کو ایک شہر سے دوسرے شہر منتقل کیا جائے گا۔ 

دوسری جانب اگر شہر کے اندر ایک سے دوسرے مقام پر طیارے کی منتقلی کا ذکر کیا جائے تو ایسا ایک واقعہ کراچی اور لاہور میں ہوا تھا۔ 
ہسٹری آف پی آئی فورم کے مطابق 1986 میں پی آئی اے کے بوئنگ طیارے 720B کو بغیر کسی ٹرک پر لادے کراچی ایئرپورٹ سے گلشن اقبال میں واقع پی آئی اے کے پلینٹیریم تک منتقل کیا گیا تھا۔

ایسا ہی دوسرا واقعہ لاہور میں بھی پیش آیا تھا جب پی آئی اے کے طیارے کو لاہور ایئرپورٹ سے چوبرجی میں واقع پی آئی اے کے پلینٹیریم منتقل کیا گیا تھا۔  

واضح رہے اس سے قبل ایسے مناظر سعودی عرب میں بھی دیکھے گئے تھے جہاں السعودیہ کے تین بوئنگ طیاروں کو سڑک کے ذریعے جدہ سے ریاض پہنچایا گیا تھا۔ 
سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے ریاض سیزن میں بولیورڈ رن وے زون کا اضافہ کیا تھا جہاں یہ طیارے رکھے جائیں گے اور ان میں کافی ہاوس، ریستوران اوردکانیں بنائی جائیں گی۔


طیاروں کو سڑک کے ذریعے جدہ سے ریاض پہنچایا گیا تھا (فوٹو: سعودی بوم) 

ان طیاروں کو حفاظتی حصار میں ٹرالرز کے ذریعے جدہ سے مدینہ منورہ اور وہاں سے قصیم اور آخر میں ریاض منتقل کیا گیا تھا۔
السعودیہ کے طیارے آی آر 200 اوربی 777  کے پروں کو اس کے کیپسول سے جدا کیا گیا بعدازاں باڈی کو مخصوص ٹرالرز پرلاد کر انہیں ریاض پہنچایا گیا۔
ان طیاروں کو  السعودیہ کے بیڑے سے گراونڈ گیا تھا۔

شیئر: