Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 وزیراعظم شہباز شریف کی امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی (فائل فوٹو: پی ایم او)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے آج دوحہ میں وفود کی سطح پر ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کے جاری کردہ بیان کے مطابق ’اس سے قبل دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات کے وسیع معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔‘
’دونوں رہنماؤں نے پاکستان قطر تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے نئے ممکنہ تعاون پر غور کیا گیا۔‘
فریقین نے مشترکہ اقتصادی اہداف اور علاقائی استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سٹریٹجک تعلقات کو گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور بالخصوص اسرائیل کی طرف سے بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل کشی کی جنگ اور خطے میں کشیدگی میں اضافے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
بیان کے مزید کہا گیا کہ ’وزیراعظم نے 24 ستمبر 2024 کو منعقدہ 79 ویں یو این جی اے کے دوران امیر قطر کی طرف سے فلسطین کے معاملے پر قطر کے موقف کی تعریف کی۔ انہوں نے فوری جنگ بندی کے لیے قطر کی  ثالثی اور انسانی امداد کی بلاتعطل فراہمی کی کوششوں کو سراہا۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں فوری طور پر قتل و غاری گری روک کر امن قائم کرنے کے بغیر دنیا میں خوشحالی کا حصول ممکن نہیں ہوسکتا۔  ان کا کہنا تھا فلسطین میں جاری اسرائیلی کی حالیہ بربریت کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے  فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے لیے مزید امدادی سامان کی ترسیل کو جاری رکھنے کی اہمیت پر بات کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

شیئر: