الخبر میں بیک وقت گیارہ فلپائنیوں کا قبول اسلام
نومسلمین کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں رہنا انکے لیے ہدایت کا باعث ثابت ہوا (فوٹو، ایکس)
الخبر کی فلاحی تنظیم ’ھدایہ‘ نے کہا ہے کہ دعوتی کاموں سے متاثر ہو کر بیک وقت 11 فلپائنی افراد نے اسلام قبول کر لیا۔ تنظیم کے عہدیداروں اور کارکنوں نے نومسلم بھائیوں کو حق کی دعوت قبول کرنے پر مبارک باد پیش کی۔
سبق نیوز کے مطابق ریجنل فلاحی تنظیم کے ارکین کی کاوشوں سے ایک ساتھ فلپائنی کمیونٹی کے گیارہ افراد نے اسلام کی دعوت کو قبول کیا اور راہ حق کے مسافر ہو گئے۔
نومسلم فلپائنیوں نے اسلام قبول کرنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں موجودگی کا ہمیں سب سے بڑا فائدہ یہ ہوا کہ حق کو سمجھا اور اسے قبول کیا۔ انہوں نے فلاحی تنظیم کے ارکین کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے انہیں اسلام کا تعارف ہوا اور دین حق کو قبول کرنے کی راہ آسان ہوئی۔
واضح رہے سعودی عرب میں فلاحی تنظیم کی جانب سےغیرمسلموں کو اسلام کی تعلیمات سے آگاہی کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے اس ضمن میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے داعی حضرات اپنے اپنے ملکوں کے ان لوگوں کو اسلام کی تعلیمات سے روشناس کراتے ہیں جو مملکت میں مقیم ہیں۔
فلاحی تنظیم کی جانب سے اسلام قبول کرنے والوں کو عمرہ بھی کرایا جاتا ہے۔