دہشتگردی میں ملوث 3 سعودیوں کو سزائے موت
جمعرات 7 نومبر 2024 19:14
مملکت میں سیکیورٹی پوسٹوں پر حملہ اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھے(فوٹو ایکس اکاونٹ)
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ الجوف ریجن میں دہشتگردی میں ملوث تین سعودی شہریوں کی سزائے موت پرعمل درآمد کردیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری تفصیلی بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی شہری سعد بن بشیر الرویلی ، سعد بن مسند الرویلی اور نایل بن ذابل الرویلی کو بیرون مملکت دہشتگرد تنظیم میں شامل ہونے اور انکے احکامات پرعمل کرتے ہوئے مملکت میں اس تنظیم کے لیے کام کرنے پر حراست میں لیا گیا تھا۔
مذکورہ تینوں افراد پر الزام تھا کہ انہوں نے مملکت میں اس غیرملکی دہشتگرد تنظیم کے احکامات پرعمل کرتے ہوئے یہاں اپنا اڈا قائم کرنے کی کوشش کی اور اسلحہ و دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کی تربیت حاصل کی۔ ملزمان نے مملکت میں دہشتگردی کی کارروائیاں بھی کی جن میں سیکیورٹی چوکیوں پر حملے کیے جس سے وہاں ڈیوٹی پر موجود اہلکار ہلاک ہوئے۔
سیکیورٹی ٹیموں نے تینوں ملزمان کو گرفتار کرکے انکا چالان دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیش کردیا جہاں عدالتی کارروائی میں تینوں کا جرم ثابت ہونے پر انہیں موت کی سزا کا حکم سنا دیا گیا۔
وزارت داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ جمعرات 7 نومبر کو الجوف ریجن میں تینوں ملزمان کی سزائے موت پر عمل درآمد کردیا گیا ۔