Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اکتوبر میں سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب سے موصول

پاکستان نے ایک منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت ترسیلات زر کو 2034 تک 60 ارب ڈالر تک پہنچانا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ اکتوبر 2024 کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر کی مد میں تین اعشاریہ ایک ارب ڈالر کی رقم موصول ہوئی ہے۔
جمعے کو سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اکتوبر میں سب سے زیادہ ترسیلات زر سعودی عرب سے موصول ہوئیں۔
نمو کے لحاظ سے ترسیلات زر ماہ بہ ماہ اور سال بہ سال کی بنیاد پر بالترتیب چھ اعشاریہ سات فیصد اور 23 اعشاریہ 9 فیصد بڑھ گئیں۔
مجموعی طور پر کارکنوں کی ترسیلات زر میں جولائی تا اکتوبر مالی سال 2025 کے دوران 11 اعشاریہ آٹھ ارب ڈالر کی آمد ہوئی جو جولائی تا اکتوبر مالی سال 2024  کے آٹھ اعشاریہ آٹھ ارب ڈالر کے مقابلے میں 34 اعشاریہ سات فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔
اکتوبر 2024 کے دوران ترسیلات زر زیادہ تر سعودی عرب (766.7 ملین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (620.9 ملین ڈالر)، برطانیہ (429.5 ملین ڈالر) اور امریکہ (299.3 ملین ڈالر) سے آئیں۔
ستمبر 2024 کے دوران بھی سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب سے موصول ہوئیں جو 681.3 ملین ڈالر ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات سے 560.3 ملین ڈالر، برطانیہ سے 423.6 ملین ڈالر اور امریکہ سے 274.9 ملین ڈالر پاکستان بھجوائے گئے۔
پاکستان کی وزارت خزانہ، وزارت اوورسیز پاکستانیز اور سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے جس کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مدد سے ترسیلات زر کو 2034 تک 60 ارب ڈالر تک پہنچانا ہے۔ اس منصوبے میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مختلف مراعات اور اقدامات شامل ہیں۔

شیئر: