’صائم ایوب کے نام خط، آنکھیں استعمال کرنے پر دل کی گہرائی سے اظہار تشکر‘
جمعہ 8 نومبر 2024 12:57
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
صائم ایوب نے اپنی پہلی ون ڈی نصف سنچری سکور کرتے ہوئے 82 رنز کی اننگز کھیلی (فوٹو: اے ایف پی)
ایڈیلیڈ میں ہونے والے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے تاریخی شکست دے دی ہے۔
پاکستان نے ایڈیلیڈ اوول گراؤنڈ میں آسٹریلیا کے خلاف آخری میچ 28 سال پہلے 1996 میں جیتا تھا۔
آسٹریلیا کے ہوم گراؤنڈ میں تین میچز کی ون ڈے سیریز ایک، ایک سے برابر ہو چکی ہے۔
دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور کچھ ہی دیر میں حارث رؤف کی تباہ کن بولنگ نے میچ کا فیصلہ بھی کر دیا تھا جب آسٹریلیا 163 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
گزشتہ کچھ عرصے سے تنقید کا شکار رہنے والی پاکستانی بیٹنگ لائن نے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا پر اعتماد آغاز کیا اور ایک وکٹ کے نقصان پر 26ویں اوور میں میچ اپنے نام کیا۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف کی پانچ وکٹیں، محمد رضوان کے چھ کیچز، صائم ایوب کے 82 رنز اور دھواں دار بیٹنگ، عبداللہ شفیق کی نصف سنچری اور بابر اعظم کا میچ وننگ چھکا میچ کی ہائی لائٹس بنے رہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پاکستانی کرکٹ شائقین گرین شرٹس کی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
طلحہ چودھری نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’حارث رؤف 1996 کے بعد ایڈیلیڈ میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بولر ہیں۔‘
اپنی ایک اور پوسٹ میں طلحہ نے لکھا ’صائم ایوب آسٹریلیا کے خلاف کسی بھی اننگز میں سب سے زیادہ چھکے جڑنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔‘
عبید صدیقی نے لکھا ’مالک یہ سب کیا دیکھنا پڑ رہا ہے، نظر نہ لگے۔‘
بابر اعظم ورلڈ نامی اکاؤنٹ نے پوسٹ میں لکھا ’میں نے ایسے وقتوں کے لیے دعا کی ہے۔ پاکستان نے آسٹریلیا کو ان کے ہی گھر میں آؤٹ کلاس کر دیا۔‘
فیضان نے لکھا ’دل باغ باغ ہو رہا ہے، ہیزل وڈ نے تالی بجا کر عبداللہ کی کور ڈرائیو کی تعریف کی ہے۔‘
پرشانت شرما نے لکھا ’یہ ہے وہ پاکستانی ٹیم جو ہم سب دیکھنا چاہتے ہیں۔‘
اتھر سلیم نے لکھا ’یار یہ غلط ٹیم ڈاؤنلود ہو گئی ہے کیا؟‘
ایک اور اکاؤنٹ نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’کمنٹری باکس سے وسیم اکرم کی آواز آئی کہ ویلکم بیک سعید انور۔‘
عمار نامی صارف نے لکھا ’بیٹرز نے سکور کیا، بولرز نے مخالف ٹیم کی دھجیاں اڑائیں، بہترین فیلڈنگ، بابر اعظم کا میچ ختم کرنے کا سٹائل، زندگی بہت اچھی چل رہی ہے۔‘
ایک اور صارف نے لکھا ’صائم ایوب کے نام خط، آنکھیں استعمال کرنے پر دل کی گہرایوں سے شکریہ کا اظہار۔‘
واضح رہے پیر کو دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا پہلا ون ڈے میچ ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا نے جیت لیا تھا اور آج کے میچ کے بعد سیریز ایک ایک سے برابر ہو چکی ہے۔
ایک روزہ میچوں کے علاوہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی20 میچ بھی ہوں گے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل 10 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
اسی طرح دونوں ٹیموں کے درمیان 14 سے 18 نومبر تک ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔