موسیٰ خیل میں 22 مسافروں کا قتل، ’بچوں اور طلبہ کو استعمال کیا گیا‘
موسیٰ خیل میں 22 مسافروں کا قتل، ’بچوں اور طلبہ کو استعمال کیا گیا‘
جمعہ 8 نومبر 2024 16:11
زین الدین احمد -اردو نیوز، کوئٹہ
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے کہا کہ ’دکی میں کوئلہ کان کے 20 مزدوروں کے قتل میں بلوچ لبریشن آرمی ملوث ہے (فوٹو: پی آئی ڈی ، کوئٹہ)
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے سرکاری حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ موسیٰ خیل میں 22 مسافروں کو بسوں سے اتار کر قتل کرنے والے گروہ کے تین دہشت گردوں کو ایک کارروائی میں ہلاک اور دو کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حملے میں ملوث باقی ارکان اور سہولت کاروں کے بارے میں بھی پتا لگا لیا ہے جن کی گرفتاری کے لیے موسیٰ خیل، لورالائی اور دکی سمیت اطراف کے علاقوں میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد تنظیم نے کارروائی کے لیے بچوں اور طالب علموں کو استعمال کیا۔
یہ بات موسیٰ خیل اور لورالائی سے بلوچستان اسمبلی کے رکن صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران، ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل سی ٹی ڈی اعتزاز احمد گورائیہ نے سول سیکریٹریٹ کوئٹہ میں نیوز کانفرنس کے دوران بتائی۔
پریس کانفرنس میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی چھوڑنے والے پنجاب یونیورسٹی میں زیرِتعلیم بلوچستان کے ایک طالب علم طلعت عزیز کو بھی پیش کیا گیا جنہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں بلوچ کونسل اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ارکان نے ورغلا کر کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کا حصہ بنایا تاہم غلطی کا احساس ہونے پر بھاگ کر کالعدم تنظیم چھوڑ دی۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے بتایا کہ 25 اور 26 اگست کی رات کو موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم میں این 70 قومی شاہراہ پر بسوں سے اتار کر 22 مسافروں کو قتل کیا گیا جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس علاقے میں کام کیا اور شواہد کی بنیاد پر ملوث عناصر کا پتا لگانے کی کوشش کی جس میں انہیں کامیابی ملی۔
کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی) کے ڈی آئی جی اعتزاز احمد گورائیہ نے کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ راڑہ شم میں معصوم پاکستانیوں کو بسوں سے اتار کر بے دردی سے قتل کرنے کے واقعے کے بعد لوگوں میں رنج و غم اور غصہ بھی تھا اور حکومت پاکستان اور حکومت بلوچستان کی جانب سے احکامات بھی دیے گئے تھے، اس لیے سی ٹی ڈی، انٹیلی جنس ایجنسیوں، ایف سی، پولیس اور لیویز سب نے اسے بطور چیلنج لیا اور مل کر کام کرکے الحمد للہ اہم کامیابی حاصل کر لی۔
ان کا کہنا تھا کہ موسیٰ خیل میں آپریشن کے دوران تین دہشت گرد مارے گئے اور دو پکڑے گئے۔ گرفتار دہشت گردوں نے دوران تفتیش بہت سے انکشافات کیے۔ انہوں نے خود حملے میں عملی طور پر ملوث ہونے اور ہتھیاروں کی سپلائی کا اعتراف کیا۔
ڈی آئی جی کے مطابق ہمیں واقعے میں ملوث تمام دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے بارے میں معلوم ہو گیا ہے۔ یہ بھی پتا چل گیا ہے کہ کون کمان کر رہا تھا، کہاں منصوبہ بندی ہوئی، کس نے سہولت فراہم کی، کس نے اسلحہ اور کھانا پہنچایا اور کس نے کیمپ کے لیے جگہ دی۔
ان کے بقول ان معلومات کی بنیاد پر موسیٰ خیل، لورالائی، دکی اور اطراف میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جو گزشتہ دو دنوں سے جاری ہے، جلد اس آپریشن کی تفصیلات بھی سامنے لائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ موسیٰ خیل میں مسافروں کو قتل کرنے والا یہی گروہ دکی سے کوئلہ کانوں سے بھتہ لینے میں بھی ملوث ہے۔
گرفتار ہونے والوں میں ایک 16 سالہ لڑکا بھی شامل ہے جس نے دوران تفتیش بتایا کہ بچوں کو بھی اس کارروائی میں استعمال کیا گیا کیونکہ نقل و حمل کے دوران بچوں کی اس طرح تلاشی نہیں ہوتی۔ وہ انہیں بھی اسلحے کی ترسیل وغیرہ کے لیے استعمال کررہے ہیں۔
اعتزاز گورائیہ کا کہنا تھا کہ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے ایک اور دہشت گرد تنظیم کے ساتھ رابطے ثابت ہوئے ہیں جو وہاں پر موجود ہیں جن سے یہ اسلحہ بھی خریدتے ہیں۔
اس موقعے پر صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ انجینیئرنگ سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ موسیٰ خیل اور بارکھان بڑے پرامن علاقے رہے ہیں، یہاں دہشت گردوں نے 25 اور 26 اگست کی رات کو نہتے لوگوں کو شہید کیا جو گھروں کو واپس جا رہے تھے، مقامی لوگوں کی گاڑیوں کو بھی جلایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ان دہشت گردوں کو بلوچ نہیں کہوں گا کیونکہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب، قوم اور قبیلہ نہیں ہوتا۔ گزشتہ روز مستونگ میں نہتے بچوں کو شہید کیا گیا۔ یہ کون سی آزادی ہے جو آپ لینا چاہتے ہیں۔ یہ وحشی پن ہے، اس کی کوئی مذہب اور اخلاقیات اجازت نہیں دیتا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سرفراز بگٹی کی سربراہی میں مخلوط حکومت کی کوشش ہے کہ بلوچستان میں پنجابیوں سے نفرت کا تأثر ختم کریں۔ حکومت صوبے میں امن قائم کر کے رہے گی۔
اس سے قبل بی ایل اے چھوڑنے والے طالب علم طلعت عزیز نے بتایا کہ ان کا تعلق کوئٹہ سے ہے اور ابتدائی تعلیم یہیں سے حاصل کی، سبی کے ایک کالج پڑھا اور اچھے نمبرز حاصل کر کے بلوچستان حکومت کی سکالر شپ پر پنجاب یونیورسٹی میں پولیٹیکل سائنس کے شعبے میں داخلہ لیا اور اب وہ تھرڈ ایئر کے طالب علم تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں دوران تعلیم ان کا رابطہ بلوچ کونسل کے کچھ ایسے طلبہ سے ہوا جنہوں نے ان کی غلط ذہن سازی کی اور پھر کوئٹہ میں ساتھی طالب علم نے انہیں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کے لیے آمادہ کیا۔ اس دوران ان کا کچھ ایسے لوگوں سے رابطہ بنا جو انہیں پہاڑوں پر لے گئے۔
طلعت عزیز کا کہنا تھا کہ پہاڑوں پر تعلیم یافتہ نوجوانوں کو گمراہ کرکے انہیں پنجابیوں اور نہتے لوگوں کو مارنے پر آمادہ کیا جارہا تھا جس کی وجہ سے مجھے احساس ہوا کہ میں نے غلط راستے کا انتخاب کیا اس لیے میں وہاں سے بھاگ گیا ‘
ان کا کہنا تھا کہ بلوچ نوجوان ایسے لوگوں کی باتوں میں نہ آئیں جو ان کا مستقبل خراب کر رہے ہیں۔ میں ایک پڑھا لکھا نوجوان ہوں لیکن ان کی وجہ سے اپنا مستقبل گنوا دیا۔
صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ ’کالعدم تنظیمیں نوجوانوں کو ورغلا رہی ہیں۔ معصوم لوگوں کا قتل کرکے کون سی آزادی لینا چاہتے ہیں ، بندوق کی بجائے قلم کا سہارا لیں کیونکہ قلم ہی جینا سکھاتا ہے، افسر بناتا ہے اور عزت فراہم کرتا ہے۔‘
صوبائی حکومت کے ترجمان شاہد رند کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کی طرح صوبائی سطح پر ایک کثیرالجہتی پلان بنا رہی ہے جس میں تعلیم، صحت سمیت تمام شعبوں کی بہتری، ترقی اور گورننس کے ماڈل کو ٹھیک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
اعتزاز گورائیہ کا کہنا تھا کہ ’بلوچستان سے پنجاب جانے والے سارے طلبہ اس طرح نہیں۔ بہت سے نوجوان اپنا مستقبل بہتر بنانا چاہتے ہیں لیکن کچھ تنظیمیں ان طلبہ کی ذہن سازی کرکے گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں اور ایسا ماحول بنایا گیا ہے کہ طلبہ کو یہ کہا جاتا ہے کہ بلوچستان میں بڑی زیادتی ہو رہی ہے۔‘