Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان: خضدار میں قبائلی رہنما مہر اللہ محمد حسنی پر قاتلانہ حملہ

خضدار کے علاقے وڈھ میں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر قبائلی رہنما مہر اللہ محمد حسنی پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے۔
ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی کے مطابق نامعلوم عسکریت پسندوں کے حملے میں مہراللہ محمد حسنی کے دو محافظ مارے گئے ہیں۔
قبل ازیں حملے میں مہراللہ محمد حسنی کے مارے جانے کی اطلاع موصول ہوئی تھی تاہم ڈپٹی کمشنر نے ان کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی۔
مہراللہ محمد حسنی کالعدم بی ایل ایف کے سربراہ ڈاکٹر اللہ نظر کے قریبی رشتہ دار ہیں۔
مگر حکومتی حمایت یافتہ شخصیت ہونے کی وجہ سے کالعدم تنظیموں کی ہٹ لسٹ پر تھے۔
ڈی سی کے بقول مہراللہ محمد حسنی کوئٹہ سے حب چوکی اپنے گھر جارہے تھے۔
بابا گرو نانک کی جنم دن کی تقریبات: سندھ سے آئے یاتری ڈکیتی کے دوران قتل
بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے سندھ سے آنے والے یاتری کو پنجاب کے ضلع ننکانہ صاحب میں ڈکیٹی کے دوران قتل کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے سندھ سے ننکانہ صاحب آنے والی فیملی کے ساتھ ڈکیتی کی وارادت ہوئی ہے۔
ضلع لاڑکانہ (سندھ) کے رہائشی چار بچوں کے باپ راجیش کمار کو مزاحمت کرنے پرڈاکوﺅں نے فائرنگ کر کے قتل کردیا۔
مقتول راجیش کمار اپنے دوست دولت رام اور فیملی کے ہمرا ہ لاہور سے کار پر واپس ننکانہ صاحب آرہے تھے جب پانچ مسلح افراد راجیش کمار اور دولت رام سے لاکھوں روپے نقدی اور قیمتی سامان چھین چھین لیے۔
 واقعہ کی اطلاع ملتے ہی صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ گئے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ہندو اور سکھ یاتریوں نے واقعے کے خلاف احتجاج کیا۔

حکومت آئینی ترمیم کے وقت کی گئی اپنی باتوں سے پیچھے ہٹ گئی: بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت آئینی ترمیم کے وقت کی گئی اپنی باتوں سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔

جمعرات کو بلاول ہاؤس کراچی میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی کر رہی ہے، وفاق سے نہ عزت مل رہی ہے نہ سیاست مل رہی ہے۔ حکومت اپنی باتوں سے پیچھے ہٹ رہی ہے، قانون سازی میں پوری طرح مشاورت ہونی چاہیے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سیاست عزت کے لیے ہوتی ہے، سیاست میں ناراضی نہیں ہوتی۔‘
’حکومت کے ساتھ ناراضی کا سوال ہی نہیں ہے، سمجھتا ہوں اتفاق رائے کے مختلف طریقے ہوسکتے ہیں، طے ہوا تھا کہ پی ایس ڈی پی مشاورت سے بنائی جائے گی، حکومت کنالز پر جو طریقہ اپنا رہی ہے وہ ٹھیک نہیں ہے۔‘
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ’دنیا بھر میں حکومت پارٹنرز کے ساتھ معاہدوں پر عمل کرتی ہے، دیکھیں گے کہ معاہدے پر کیا عمل درآمد ہوا؟‘

------------------------------------------------------------------------------

آئینی بینچ کی پہلی سماعت، ’قاضی فائز عیسیٰ کی جان چھوڑ دیں‘

‏پاکستان کی تاریخ کے پہلے آئینی بینچ نے اپنی اولین سماعت کا آغاز کرتے ہوئے مختلف کیسز سنے۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں چھ رکنی آئینی بینچ نے ماحولیاتی آلودگی سے متعلق پہلا کیس سنا۔ 
عدالت نے وفاق سمیت تمام صوبوں سے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے ہونے والے اقدامات کی رپورٹ تین ہفتوں میں طلب کر لی ہے۔
آئینی بینچ نے قاضی فائزعیسیٰ کے بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کیس کی سماعت بھی کی۔
بینچ نے قاضی فائزعیسیٰ کی بطورچیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ تقرری کے خلاف دائر درخواست کو خارج کر دیا ہے۔
سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بلوچستان ہائی کورٹ میں براہ راست بطور چیف جسٹس تقرری پر نظرثانی کی درخواست کی سماعت میں جسٹس جمال مندوخیل  نے ریمارکس دیے کہ یہ نظرثانی درخواست ہے کیس کو دوبارہ نہیں کھول سکتے جس پر درخواست گزار وکیل ریاض حنیف نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بھٹوکیس بھی 40 سال بعد سنا تھا۔ 
انھوں نے کہا کہ میں عدالت کو حقائق بیان کرر ہاہوں، میرے پاس ریکارڈ نہیں لیکن بلوچستان سے ریکارڈ منگوایا جاسکتا ہے۔ 
جسٹس امین الدین نے کہا قانون بتائیں کہ وزیراعلٰی کے ساتھ مشاورت کیسے ضروری ہے؟
جسٹس مسرت حلالی  نے ریماکس دیے کہ کیسز میں پرسنل نہ ہوا کریں، چھوڑ دیں قاضی صاحب کی جان جبکہ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ ایسی درخواست پر بینچ کے سربراہ سے درخواست کروں گا کہ معاملہ پاکستان بار کونسل کو بھیجیں۔ 
بعد میں آئینی بینچ نے درخواستگزار وکیل ریاض حنیف کی نظرثانی درخواست خارج کر دی۔
انتخابات 2024 ری شیڈول کرنے کی درخواست خارج
آئینی بنچ نے عام انتخابات 2024 ری شیڈول کرنے کی درخواست غیر مؤثر ہونے پر خارج کر دی ہے۔ 
درخواست کی سماعت میں جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ سماعت میں وکیل نہیں آئے ان پر بھاری جرمانہ ہونا چاہیے جبکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ انتخابات ہو چکے ہیں اور اب  یہ درخواست غیر مؤثر ہوچکی ہے۔
خیال رہے کہ موسم کی خرابی کے باعث انتخابات فروری کے بجائے مارچ میں کرانے کی استدعا کی گئی تھی۔

پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی بنیاد اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر ہے، دفتر خارجہ

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان اچھے دوستانہ تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے اور ان تعلقات کی بنیاد ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر ہے۔
ہفتہ وار بریفنگ سے خطاب میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو تمام اندرونی و بیرونی خطرات سے بچابے کے لیے پر عزم ہیں اور پاکستان چین تزویراتی شراکت داری کو نقصان پہنچانے کی کوشیش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چینی شہریوں، کمپنیوں اور منصوبوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، اس حوالے سے مکمل ایس او پیز پر عمل درآمد ہو رہا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ افغان انتظامیہ کو ان دہشت گرد گروہوں کے خلاف کاروائی کرنے پر زور دیتے ہیں جن کی محفوظ پناہ گاہیں وہاں موجود ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ افغان انتظامیہ پاکستان کے تحفظات کو سنجیدگی سے لے، پاکستان کی عوام کی برداشت کو زیادہ مت آزمائیں۔
ایران کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور ایران اپنی مشترکہ سرحد کو پرامن بنانے کا عہد کر چکے ہیں اور یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ اس سرحد پر دہشت گرد گروہوں کی موجودگی برداشت نہیں کریں گے۔

سموگ میں کمی کی توقع، پاکستان میں آج سے بارشوں کا امکان

پاکستان کے محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں آج جمعرات سے سنیچر تک تیز ہواؤں اور بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ 
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے اور سنیچر کو پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ جمعرات سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے۔
اسی طرح جمعرات اور جمعے کے درمیان اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور لاہور میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دیر، سوات، بٹگرام، ایبٹ آباد، مری، گلیات، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، میانوالی، خوشاب، اور سرگودھا میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

سپارکو کا چین کے ساتھ قمری مشن کی شراکت داری کا اعلان

پاکستان کے خلائی ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے 2028 کے چانگ ای 8 قمری مشن کے لیے چین کے ساتھ اہم شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔
جمعرات کو سپارکو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تعاون چاند پر تحقیق میں پاکستان کی پہلی شمولیت کی علامت بنے گا جس کا مقصد چاند پر انقلابی تحقیق کو آگے بڑھانا ہے۔
سپارکو ترجمان نے مزید کہا کہ 2028 میں چاند پر اترنے کے لیے تیار ہونے والا پاکستانی روور چین کے ساتھ مشترکہ مشن میں اہم کردار ادا کرے گا، چاند کی سطح کے تجزیے اور تحقیقی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا۔

چارسدہ میں پولیس وین کے قریب خود کش دھماکہ

جمعرات کی صبح پولیس سٹیشن عمرزئی کی حدود اخون ڈھیری کے قریب پولیس وین کے قریب خودکش دھماکہ ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے سے پولیس اہلکاروں سمیت پولیس وین محفوظ رہی اور رش نہ ہونے کے باعث دھماکے سے کوئی نقصان  نہیں ہوا۔
خودکش بمبار نے پولیس وین گزرنے کے بعد خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
 دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ 

شیئر: