Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شام پر اسرائیلی حملے میں فلسطینی اسلامی جہاد کے دو رہنما ہلاک

دمشق پر اسرائیلی حملے میں عام شہری اور جنگجوؤں سمیت 13 افراد ہلاک ہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی
حماس کے ساتھ مل کر غزہ میں اسرائیل کے خلاف لڑنے والے فلسطینی گروپ کے ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ شام پر اسرائیلی کے تازہ ترین حملے میں اسلامی جہاد کی دو اعلیٰ شخصیات ہلاک ہوئی ہیں،
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو اس سورس نے بتایا کہ ’اسلامی جہاد کے سیاسی بیورو کے رکن عبدالعزیز مناوی اور گروپ کے خارجہ تعلقات کے سربراہ رسمی ابو عیسیٰ دمشق کے علاقے قدسیہ پر حملے میں مارے گئے۔‘
انہوں نے کہا کہ شام میں گروپ کے دفاتر میں سے ایک عمارت کو نشانہ بناتے ہوئے حملے میں اسلامی جہاد کا ایک اور رکن بھی مارا گیا ہے۔
اسرائیلی حکام جو شام میں اس طرح کے حملوں پر شاذ و نادر ہی تبصرہ کرتے ہیں، نے ایک حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے اسلامی جہاد کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان سے سنیچر کو رابطہ کرنے پر فوج نے دونوں رہنماؤں کی ہلاکت پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
شام میں نیٹ ورک رکھنے والی برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس وار مانیٹر ایجنسی کے مطابق دمشق اور اس کے ارد گرد جمعرات کو ہونے والے اسرائیلی حملوں میں 23 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

جمعرات کو ہونے والے اسرائیلی حملوں میں 23 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ فوٹو: اے ایف پی

آبزرویٹری ایجنسی نے مزید بتایا ہے دمشق کے اہم علاقے المزہ پر کیے گئے حملے میں عام شہریوں اور ایران کے حمایت یافتہ جنگجوؤں سمیت 13 افراد ہلاک ہوئے اور دمشق کے مضافات میں ہونے والے حملے میں اسلامی جہاد کے 10 عسکریت پسند مارے گئے۔
شام کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے جمعے ایک بار پھر المزہ ضلع پر حملہ کیا۔

اسرائیلی یرغمالیوں میں کئی افراد اب بھی اسلامی جہاد کے پاس موجود ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

شام میں لبنان کی سرحد کے قریبی علاقوں میں اسرائیلی حملوں میں تیزی آئی ہے، جن میں بنیادی طور پر لبنانی تحریک حزب اللہ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے 7 اکتوبر 2023 کو جنوبی اسرائیل پر حملے کے دوران بنائے گئے اسرائیلی یرغمالیوں میں کئی افراد اب بھی اسلامی جہاد کے پاس موجود ہیں، چند روز قبل گروپ نے 29 سالہ روسی اسرائیلی یرغمالی ساشا تروپانوف کے دو ویڈیو کلپس بھی جاری کیے تھے۔

شیئر: