Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حزب اللہ کے حیفہ کو نشانہ بنانے کے بعد اسرائیل کی جنوبی بیروت پر بمباری

فوٹیج میں دارالحکومت کے مضافات میں دھوئیں کے کالے بادل دیکھے جا سکتے ہیں (فوٹو: روئٹرز)
حزب اللہ کی جانب سے حیفہ شہر پر راکٹ فائر کیے جانے کے بعد اسرائیل نے جنوبی بیروت پر حملہ کیا ہے اور حزب اللہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج نے اتوار کو بیروت کے جنوبی مضافات کے تین حصوں سے رہائشیوں کو انخلا کا حکم دیا تھا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچی ادرائی نے ایکس پر لکھا کہ ’آپ حزب اللہ سے منسلک عمارات کے قریب قیام پذیر ہیں جن کے خلاف مستقبل قریب میں آئی ڈی ایف (اسرائیلی فوج) کام کرے گی۔‘
اے ایف پی ٹی وی فوٹیج میں دارالحکومت کے مضافات میں دھوئیں کے کالے بادل دیکھے جا سکتے ہیں۔
لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی نے اتوار کی صبح رپورٹ کیا کہ رات گئے اسرائیلی فضائی حملے اور گولہ باری میں جنوبی قصبے خیام کو نشانہ بنایا گیا جو سرحد سے تقریباً چھ کلومیٹر (چار میل) دور واقع ہے۔
اسرائیل نے بیروت اور جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے گڑھ پر مسلسل فضائی حملے کیے ہیں جبکہ دوسری جانب ایرانی حمایت یافتہ عسکریت پسند گروپ نے ساحلی شہر حیفا کے گرد متعدد اسرائیلی فوجی اڈوں پر راکٹ فائر کیے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ سنیچر کی رات گئے حیفا پر ’بھاری راکٹ‘ فائر کیے گئے ہیں جبکہ یہودیوں کی ایک عبادتگاہ بھی نشانہ بنی ہے اور دو شہری زخمی ہوئے ہیں۔
حزب اللہ کا کہنا ہے کہ راکٹ حملے میں پانچ اسرائیلی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں سٹیلا مارس بحری اڈہ بھی شامل ہے۔ 
سنیچر کو اسرائیلی فوج کے سربراہ نے بیان میں کہا کہ حزب اللہ ’بھاری قیمت ادا کر چکا ہے‘ لیکن اسرائیل تب تک لڑتا رہے گا جب تک شمال سے نقل مکانی کرنے والے اس کے ہزاروں شہری گھروں کو واپس نہیں آ جاتے۔
لیفٹیننٹ جنرل ہرزی حلیوی نے کہا ’ہم لڑائی لڑتے رہیں گے تاکہ اپنے منصوبوں کو عملی جامہ پہنا سکیں، مزید آگے بڑھ سکیں، اندر جا کر حملے کریں اور حزب اللہ کو کو سخت نشانہ بنائیں۔‘
اے ایف پی ٹی وی کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سنیچر کو اسرائیل نے بیروت میں حزب اللہ کے گڑھ کو نشانہ بنایا ہے۔
لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ تسلسل سے فضائی حملے کیے گئے ہیں۔
اسرائیل فوج کے مطابق جنگی طیاروں نے حزب اللہ کے کمانڈ سینٹر اور ہتھیار ذخیری کرنے کی جگہ کو نشانہ بنایا ہے۔
لبنانی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال 8 اکتوبر کے بعد سے 3 ہزار 452 افراد  سے زیادہ ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ سب سے زیادہ ہلاکتیں ستمبر سے ریکارڈ کی گئی ہیں۔

شیئر: