Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان کی سرپرستی میں ’ریاض اکنامک فورم‘ کا آغاز کل سے

فورم میں اقتصادی ماہرین اور تاجر خواتین و حضرات شرکت کریں گے۔ (فوٹو ایس پی اے)
گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز کل (پیرکو) ’ریاض اکنامک فورم‘ کے گیارہویں اجلاس کا افتتاح کریں گے۔ فورم کی سرپرستی خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کررہے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے’ کے مطابق فورم میں متعدد وزراء، سرکاری حکام، کاروباری شعبے کے رہنما، اقتصادی ماہرین اور تاجر خواتین و حضرات شرکت کریں گے۔
3 روزہ فورم میں متعدد سٹراٹیجک اقتصادی اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جو شرکاء کی جانب سے فورم سیشنز کے دوران بحث و تحقیق کے لیے 4 تحقیقی مطالعات میں شامل ہیں۔

فورم 3 دن تک جاری رہے گا۔ (فوٹو ریاض اکنامک فورم)

فورم کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین ڈاکٹر خالد الراجحی نے کہا کہ خادم حرمین شریفین کی جانب سے فورم کی سرپرستی اس کے ذمہ داروں کے لیے سب سے بڑی حمایت اور حوصلہ افزائی کی نمائندگی کرتی ہے۔ یہ قومی معیشت کے ستونوں کو مضبوط بنانے اور مملکت کے وژن 2030 کے مقاصد کے فریم ورک کے اندر جامع اقتصادی ترقی کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے مقصد کے حصول کے لیے ان کی تحقیق اور سائنسی کوششوں میں اضافہ کرتی ہے۔
ریاض اکنامک فورم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف الرشیدی نے کہا کہ  فورم قومی معیشت کو سہارا دینے اور معاشی و سماجی ترقی کو فروغ دینے کے اپنے اہداف کے حصول میں مزید کامیابی کا منتظر ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس سیشنز کے دوران کیے گئے مطالعات کی کل تعداد 53 کو بڑھا کر 57 کردے گا۔ امید ہے کہ  11 ویں سیشن  میں مطالعات و سفارشات کا نیا مجموعہ شامل ہوگا جو عالمی اور علاقائی معاشی چیلنجوں کا مقابلہ کرتے ہوئے قومی معیشت کی کارکردگی کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: