شہد کا معیار بڑھانے، مکھیوں کی افزائش اور حفاظتی اقدامات کئے جاتے ہیں۔ فوٹو واس
سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے عسیر میں اس وقت خالص شہد کا موسم عروج پر ہے اور مقامی بازار اعلیٰ معیار کے خالص شہد سے بھر گئے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق خطے میں حالیہ بارشوں نے بیری کے درختوں کے پھولوں کی افزائش کی ہے، یہ پھول شہد کی مکھیوں کو وافر اور ذائقہ دار شہد پیدا کرنے کے لیے مثالی ماحول فراہم کرتے ہیں۔
بیری کا شہد صحت کے فوائد کے لیے خاص طور پر جانا جاتا ہے، یہ شہد اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات اور انسانی مدافعتی نظام مضبوط کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
عسیر کےعلاقے میں پیدا ہونے والے اس خالص شہد کے منفرد ذائقے اور خوشبو نے نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی سطح پر اسے منفرد مقام پر پہنچا دیا ہے۔
عسیر کے فارم ہاؤسز میں شہد کی مکھیاں پالنے والے مقامی افراد اس وقت یہ سنہری، خوشبودار شہد جمع کرنے میں مصروف ہیں، اس خالص شہد کی قیمت 350سے 500 ریال فی کلو تک ہے۔
عسیر ریجن کا یہ مخصوص خطہ زرخیز وادیوں اور وافر نباتات کی خصوصیات کا حامل ہے جو شہد کی مکھیاں پالنے کے لیے بہترین ماحول فراہم کرتا ہے۔
سعودی وزارت ماحولیات، پانی و زراعت عسیر کے اس علاقے میں شہد کی مکھیاں پالنے کی صنعت کی ترقی کے لیے بھرپور تعاون کر رہی ہے۔
شہد کی پیداوار میں اضافے کے لیے شہد کی مکھیاں پالنے کے لیے مثبت اقدامات اپنانے کے ساتھ ساتھ شہد کا معیار بڑھانے کے لیے مکھیوں کی افزائش اور حفاظتی اقدامات بھی کئے جاتے ہیں۔
سعودی عرب عسیر ریجن میں شہد کی مکھیاں پالنے کے کاروبار کو فروغ دینے اور مکھیوں کی قدرتی رہائش گاہوں کو محفوظ بنا کر عالمی منڈی میں اعلیٰ معیار کے شہد کے سرکردہ پروڈیوسر کے طور پر اہم حیثیت رکھتاہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں