عراقی وزیراعظم سے ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی سیکرٹری جنرل کی ملاقات
ڈیجیٹل تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی تعداد 16 ہے (فوٹو: ایس پی اے)
عراقی وزیر اعظم محمد السوڈانی سے ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی سیکرٹری جنرل دیمہ بنت یحیی الیحی نے ان کے دفتر میں ملاقات کی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق ملاقات مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں سرفہرست عراق میں ڈیجیٹل تبدیلی کے منصوبوں میں تعاون کرنا شامل تھا۔
ڈیجیٹل ترقیاتی منصوبے کے تحت مصنوعی ذہانت کوفروغ دیتے ہوئے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے تاکہ عراقی معیشت کو مستحکم بنایا جاسکے۔
واضح رہے اس وقت عراق اقتصادی ترقی و استحکام کے لیے ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔
رواں ماہ عراقی ڈیجیٹل سپیس فورم کا انعقاد بھی کیا گیا جومعیشت کے استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے۔ عراق کی جانب سے انسانی سرمایہ کاری کے علاوہ جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر توجہ دی جارہی ہے تاکہ ڈیجیٹل معیشت کو مستحکم بنایا جائے۔
عراقی وزیر اعظم نے اس بات کی یقین دہانی کی کہ ان کی حکومت ڈیجیٹل تبدیلی کے حوالے سے سنجیدگی سے اقدامات کررہے ہیں اور اس کےلیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔
ڈیجیٹل تعاون تنظیم کی سیکرٹری جنرل نے عراق میں ہونے والی ڈیجیٹل ترقی کو سراہتے ہوئے اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس شعبے کو عراقی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔
واضح رہے ڈیجیٹل تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی تعداد 16 ہے ان ممالک میں 800 ملین کی آبادی ہے جن میں سے 75 فیصد کی عمر 35 برس سے کم ہے۔