ریاض: سعودی فائٹرز ہتان السیف اور عبداللہ القحطانی نے دل جیت لیے
ریاض: سعودی فائٹرز ہتان السیف اور عبداللہ القحطانی نے دل جیت لیے
ہفتہ 30 نومبر 2024 21:04
عبداللہ القحطانی نے مروان بلگویت کو پہلے راؤنڈ میں ش گرا کر ریکارڈ 2-10 کر لیا۔ فوٹو عرب نیوز
ریاض میں منعقد ہونے والی پی ایف ایل مینا چیمپئن شپ میں سعودی ایم ایم اے فائٹرز ہتان السیف اور عبداللہ القحطانی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کے دل جیت لیے۔
عرب نیوز کے مطابق گذشتہ رات جمعہ کو پروفیشنل فائٹرز لیگ (PFL) کا ایسا ایونٹ پیش کیا گیا جو مقامی اور بین الاقوامی ٹیلنٹ اجاگر کرنے میں کامیاب رہا۔
مکسڈ مارشل آرٹ کے شاندار مقابلوں نے سعودی عرب کو عالمی ایم ایم اے کے منظر نامے میں ایک مستحکم مقام پر کھڑا کر دیا۔
ابتدائی مقابلوں میں نیدرلینڈ کے فائٹر کوسٹیلو وان سٹینس کی شاندار جیت سے ہوا جنہوں نے جواؤ ڈینٹاس کو پہلے راؤنڈ کے صرف 48 سیکنڈز میں ہیڈ کک کے ذریعے ناک آؤٹ کر دیا۔
اس فتح کے ساتھ وان سٹینس کا ریکارڈ 3-16 ہو گیا، یہ ان کے کیریئر کی چوتھی ناک آؤٹ کامیابی تھی۔
فیدرویٹ ڈویژن میں اسائل اجوج نے جوزے پیریز کو تیسرے راؤنڈ میں شکست دے کر اپنی نویں مسلسل کامیابی حاصل کر کے اپنا ریکارڈ 1-9 کر لیا۔
گیبریل براگا نے جیریمی کینیڈی کے خلاف یونینیمس ڈسیژن سے کامیابی حاصل کی جس سے ان کا ریکارڈ 2-15 ہو گیا۔
ہیوی ویٹ ڈویژن میں سلم ٹریبلسی نے سخت مقابلے کے بعد ایم ایم اے فائٹر ابراہیم بیبلی کو شکست دے کر اپنا ناقابل شکست ریکارڈ 0-8 قائم کر لیا۔
سعودی خاتون فائٹر ہتان السیف نے الجزائر کی للیا عثمانی کو ناک آؤٹ کے ذریعے شکست دے کر خود کو ایک ابھرتی ہوئی ایم ایم اے فائٹر کے طور پر منوا لیا۔
گذشتہ رات کی سب سے بڑی کامیابی سعودی فائٹر عبداللہ القحطانی کے نام رہی، جنہوں نے ہوم گراؤنڈ پر فیدرویٹ چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کی۔
عبداللہ القحطانی نے مراکش کے مروان بلگویت کو پہلے راؤنڈ میں ٹی کے او کے ذریعے شکست دے کر اپنا ریکارڈ 2-10 کر لیا اور اس کے ساتھ ہی ہوم ٹاؤن ہیرو کا ٹائٹل بھی جیت لیا۔
ویلٹر ویٹ چیمپئن شپ میں دوسری فائٹ مصر کے عمر الدفراوی نے جیت لی، جب انہوں نے محمد العقرع کو دوسرے راؤنڈ میں ٹی کے او سے شکست دے کر اپنا ریکارڈ 6-13 کر لیا اور مدمقابل سے پچھلی شکست کا بدلہ بھی لے لیا۔
پروفیشنل فائٹرز لیگ مینا چیمپئن شپ کا یہ ایونٹ سعودی عرب میں ایم ایم اے کے لیے شاندرا سنگ میل ثابت ہوا، جس میں نہ صرف مقامی ٹیلنٹ کو اجاگر کیا گیا بلکہ عالمی ایم ایم اے کے منظرنامے میں سعودی عرب کی بڑھتی ہوئی اہمیت بھی واضح ہوئی۔
ریاض میں ہونے والے ان شاندار مقابلوں میں شائقین کی بھرپور حمایت اور فائٹرز کی شاندار کارکردگی نے اس ایونٹ کو یادگار بنا دیا۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں