دکن این آر آئی گروپ نے "رمضان فوڈ پیکیج "تقسیم کیا
ضرورت کا اناج دیا جارہا ہے ، غریب لوگوں میں عیدی بھی دینے کا ارادہ ہے ، عبدالرزاق
جدہ ( امین انصاری ) دکن این آر آئی گروپ جدہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وطن عزیز حیدرآباد دکن میں گروپ نے” رمضان پیکیج“ کے عنوان کے تحت انتہائی غریب اور پسماندہ 270 خاندانوں میں ایک ماہ کا غلہ دیا ۔ صدر محمد عبدالرزاق نے بتایا کہ دکن این آر آئی گروپ کے چیئرمین انجینیئر خالد عبدالقدیر اپنی نگرانی میں مستحق خاندانوں میں اناج تقسیم کررہے ہیں۔ فوڈ پیکیج میں 25 کلو چاول ،آٹا ، دالیں ، بیسن،دودھ ، سویاں ، تیل ،روح افزاء،سوکھا میوہ اور دیگر ضروریات کی اشیاءشامل ہیں ۔خالد عبدالقدیر نے حیدرآباد سے بتایا کہ ہمارے گروپ کے کارکن پورے شہر کے 3 محلوں میں سروے کرکے مستحق خاندانوں کی نشاندہی کی تھی جنہیں ہم تحقیقات کے بعد اناج مہیا کررہے ہیں۔ الحمداللہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم اپنی بساط سے بڑھ کر لوگوں کو انتہائی معقول مقدار میں تمام اشیائے ضروریہ فراہم کررہے ہیں ۔ خواہش ہے کہ زیادہ سے زیادہ خاندانوں میں دیں لیکن وسائل کی کمی اس کی اجازت نہیں دیتی ۔ جو کچھ اناج تقسیم کیا گیا۔ اراکین دکن این آر آئی گروپ کے جیب خاص سے جمع رقم کا حصہ ہے ۔صدر عبدالرزاق نے کہا کہ اگر عید تک ہمارے اراکین اور رقم جمع کراتے ہیں تو ہم مستحق اور غریب لوگوں میں عیدی کے نام پر رقم اور کپڑے دینے کا ارادہ رکھتے ہیں ہم نے ایسے چند مسکین لوگوں کی فہرست تیار کرلی ہے ۔