مسام پروجیکٹ: یمن میں ایک ہفتے کے دوران مزید 618 بارودی سرنگیں صاف
چارلاکھ 71 ہزار416 بارودی سرنگوں کو تباہ کیا جا چکا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے مسام پروجیکٹ نے گزشتہ ہفتے یمن میں حوثیوں کی نصب کردہ مزید 618 بارودی سرنگوں کو صاف کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز کی نگرانی میں مسام پراجیکٹ کی خصوصی ٹیموں نے مختلف علاقوں سے ایک اینٹی پرسنل بارودی سرنگ، 594 بغیر دھماکے کی ڈیوائسز،23 اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں صاف کی ہیں۔
مارب، عدن، الجوف، شبوۃ، تعز، الحدیدہ، للحج، صنعا، البیضا اور الضالع میں بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنایا گیا۔
پروجیکٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر اسامہ القصبی کے مطابق 2018 میں مسام پروجیکٹ کے آغاز سے اب تک یمن میں حوثیوں کی بچھائی گئی چارلاکھ 71 ہزار416 بارودی سرنگوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔
حوثیوں کی جانب سے یمن بھر میں نصب کی جانے والی بارودی سرنگوں سے بچوں، خواتین اور معمرافراد سمیت معصوم شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے 1.2 ملین سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں جس کے باعث سیکڑوں معصوم شہریوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔
مسام پروجیکٹ کا مقصد یمن کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں سے بارودی سرنگوں کی صفائی کرنا ہے تاکہ معصوم شہریوں کی جانوں کو ان سے محفوظ کیا جا سکے۔
یمن میں بحران کے آغاز سے اب تک تقریبا 50 لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے جن میں بیشتر بارودی سرنگوں کے باعث بے گھر ہوئے۔