سعودی امدادی ایجنسی کے یمن میں تعلیم اور صومالیہ میں صحت کے شعبے میں معاہدے
یمن میں بیک ٹو سکول منصوبے کے تیسرے مرحلے پر عملدرآمد کیا جائے گا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ایجنسی شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یمن میں بیک ٹو سکول منصوبے کے تیسرے مرحلے پر عملدرآمد کے لیے سول سوسائٹی کی ایک تنظیم کے ساتھ تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق یہ منصوبہ تعز، حضر موت اور لحج گورنریٹ میں نافذ کیا جائے گا جس سے تقریبا چھ ہزار افراد مستفید ہوں گے۔
شاہ سلمان مرکز کے اسسٹنٹ سپروائزر برائے آپریشنز اینڈ پروگرامز احمد البیز نے ریاض میں جڑے ہوئے بچوں سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر معاہدے پر دستخط کیے۔
معاہدے میں مکمل طور پر مکمل طور پر لیس 60 کلاس رومز کی فراہمی، 10 سکولوں کو ایک مناسب تعلیمی ماحول کےلیے تیار کرنا اور چھ ہزار سکول یونیفارم اور ضروری سامان پر مشتمل بیگز کی فراہمی شامل ہے۔
یہ اقدام سعودی عرب کی انسانی ہمدردی کی کوششوں کا حصہ ہے۔جس کا مقصد تعلیمی عمل کی سپورٹ، سکول چھوڑنے والوں کی شرح کو کم کرنا اور یمن میں محفوظ تعلیمی ماحول کو یقینی بنانا شامل ہے۔
علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز اور انٹرنیشنل میڈیکل کور نے صومالیہ کے گاروے جنرل ہسپتال کو ڈائیلاسز مشینوں کی فراہمی اور ڈائیلاسز سیشنز بڑھانے کےلیے ایک ملین ڈالر کی شراکت داری معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
اس پروجیکٹ سے تین ہزار 666 افراد کو فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔