لائیو: نو مئی کے مقدمات میں عمران خان پر فرد جرم عائد، عمر ایوب اور راجہ بشارت گرفتار
یہ لائیو پیج اب مزید اپڈیٹ نہیں کیا جارہا ہے۔
اہم نکات:
-
نو مئی کے مقدمات، سابق وزیراعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد، عمر ایوب اور راجہ بشارت کو گرفتار کر لیا گیا۔
-
خیبرپختونخوا کی حکومت کا پرفارمنس آڈٹ ہونا چاہیے، مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس باقاعدگی سے بلایا جائے: اے پی سی کا اعلامیہ
-
ہمارے صوبے میں آگ لگی ہے اور وزیراعلیٰ اسلام آباد جا کر آگ لگانا چاہتے ہیں: گورنر خیبرپختونخوا
-
سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے پی آئی اے کی نجکاری روکنے کا حکم واپس لیتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔
-
انٹرنیٹ کی ایک گھنٹہ بندش سے 9 لاکھ دس ہزار ڈالر کا نقصان ہوتا ہے: آئی ٹی ایسوسی ایشن
نو مئی جلاؤ گھیراؤ کیس، شاہ محمود قریشی اور دیگر پر فردِ جرم عائد
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے نو مئی 2023 کو جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں شاہ محمود قریشی اور دیگر پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے جیل میں قائم عدالت میں سماعت کی۔
عدالت نے یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید اور سینیٹر اعجاز چوہدری پر بھی فرد جرم عائد کی تاہم، تمام ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے 16 دسمبر کو گواہان کو طلب کرلیا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڈ کے مقدمے میں فرد جرم عائد کی گئی۔
فائرنگ کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا: ترجمان پنجاب یونیورسٹی
لاہور میں پنجاب یونیورسٹی کی انتظامیہ نے یونیورسٹی میں طالب علم کی فائرنگ سے ہلاکت کی تردید کی ہے۔
اسلامی جمعیت طلبہ نے دعویٰ کیا تھا کہ نوجوان رانا عمار اختر پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس کی کینٹین پر کھانا کھانے آیا تھا کہ گاڑی سے اُترتے ہی موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔‘
طالب علم کی ہلاکت کے خلاف پنجاب یونیورسٹی میں احتجاج کیا گیا، وائس چانسلر آفس کے سامنے لگے گملے توڑ دیے گئے، کینال روڈ پر بھی احتجاج کیا گیا جہاں شدید ٹریفک جام ہوگیا۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے ہنگامی پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ’کیمپس کی تمام مذکورہ جگہوں کی اچھی چھان بین کی ہے۔ کسی بھی سی سی ٹی وی کیمرے میں فائرنگ کے شواہد نہیں ملے۔‘
کمیٹیاں بنانے کی ضرورت نہیں، گورنر وفاق سے صوبے کا حق لیں: بیرسٹر سیف
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا کہا ہے کہ ’پہلے ہی کہا تھا کہ اے پی سی کا مقصد سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے سوا کچھ نہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’گورنر خیبرپختونخوا کی اے پی سی اس بات پر اختتام پذیر ہوئی کہ 18 ویں ترمیم کے بعد اختیارات وزیراعلیٰ کے پاس ہیں۔ جب اختیارات وزیراعلیٰ کے پاس ہے تو اے پی سی کیوں بلائی؟‘
بیرسٹر سیف نے کہا کہ کمیٹیاں بنانے کی ضرورت نہیں، فیصل کریم کنڈی اور امیر مقام سیدھا جائیں اور وفاق سے اپنے صوبے کے عوام کا حق لیں۔
جی ایچ کیو حملہ کیس، عمران خان پر فردِ جرم عائد
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نو مئی 2023 کو جی ایچ کیو پر حملے کے مقدمے میں سابق وزیر اعظم عمران خان سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی۔
عمران خان کے علاوہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، سابق صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اور پی ٹی آئی کی قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر زرتاج گل پر بھی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج ہے، مقدمے میں سابق وزیراعظم عمران خان سمیت 143 ملزمان نامزد ہیں۔
راجہ بشارت اور عمر ایوب اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں عمر ایوب اور راجہ بشارت کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے بعد جیل سے باہر نکلے تھے۔
پی ٹی آئی کے دونوں رہنماؤں کو اڈیالہ جیل کے احاطے سے گرفتار کرکے جیل چوکی منتقل کردیا گیا ہے۔
آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیے میں کیا ہے؟
گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اے پی سی نے صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مرکزی اور صوبائی حکومت امن و امان کی صورتحال میں ناکام دکھائی دے رہی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق صوبے کی مالی اور سیاسی صورتحال کے لیے سیاسی کمیٹی اور ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کریں گی۔‘
’ساتویں این ایف سی ایوارڈ تقریبا گزشتہ دو ڈھائی سال سے غیرمؤثر ہو چکا ہے لہذا فوری طور پر 11این ایف سی ایوارڈ جاری کیا جائے۔‘
اے پی سی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک افغان بارڈر کے تمام تاریخی تجارتی راستوں کو ہر قسم کی تجارت کے لیے فوری طور پر کھول دیا جائے۔
’وفاقی حکومت آئین کے ارٹیکل 158 کے مطابق صوبے کی عوام کو ترجیحی بنیادوں پر گیس کی فراہمی یقینی بنائے۔‘
اعلامیے کے مطابق اے پی سی نے مطالبہ کیا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آئینی مدت کے مطابق باقاعدگی سے بلایا جائے۔
صوبائی حکومت کا پرفارمنس آڈٹ ہونا چاہیے: گورنر خیبرپختونخوا
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں صوبے میں امن و امان اور حقوق کے حوالے سے تفصیل سے بات ہوئی۔
’ہم دو کمیٹیاں بنائیں گے ایک سیاسی کمیٹی اور دوسری ٹیکنیکل ہوگی۔ کمیٹیاں تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کریں گی۔‘
گورنر ہاؤس پشاور میں آل پارٹیز کانفرنس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ’آج کی اے پی سی کا انعقاد انتہائی ضروری تھا۔ اصولی طور پر یہ اے پی سی صوبائی حکومت کو بلانی چاہیے تھی لیکن وہ ایسا نہیں کرسکے تو ہم خاموش نہیں بیٹھ سکتے تھے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کانفرنس میں 16 جماعتوں نے شرکت کی جس کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پی ٹی آئی کو بھی مدعو کیا تھا لیکن انہوں نے دعوت کو ریجکٹ کیا۔‘
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ’ہم صوبے میں امن اور وسائل کے حوالے سے متفقہ لائحہ عمل وضع کرنا چاہتے ہیں، صوبائی حکومت کا پرفارمنس آڈٹ ہونا چاہیے۔‘
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ’صوبائی حکومت بتائے صوبے میں بدامنی کیوں لائی۔ ہمارے صوبے میں آگ لگی ہے اور وہ اسلام آباد جا کر آگ لگانا چاہتے ہیں۔‘
انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’علی امین گنڈاپور جب اسمبلی میں کھڑے ہوتے ہیں تو ایسا لگتا ہے کہ فلم کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ یہاں نہیں آئے لیکن اے پی سی پھر بھی ہو گئی۔‘
گورنر خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ ’اے پی سی کا جو بھی اعلامیہ جاری کیا جائے گا اسے خیبرپختونخوا کی حکومت کو دیں گے تاکہ وہ بھی اسے اسمبلی میں پیش کرسکیں اور کوئی ٹھوس قدم اٹھانے میں آسانی ہو۔‘
توشہ خانہ ٹو کیس: عمران خان کی اہلیہ کے وارنٹ گرفتاری جاری
توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔
راولپنڈی کے سینٹرل جج شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے مسلسل غیر حاضری پر بشریٰ بی بی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
اے پی سی میں خیبرپختونخوا کی حقیقی قیادت شریک ہے: امیر مقام
وفاقی وزیر سیفران انجینیئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ’آل پارٹیز کانفرنس میں خیبرپختونخوا کی حقیقی قیادت شریک ہے۔ عوام کے مسائل کا حل خیبرپختونخوا حکومت کی ترجیح نہیں۔‘
گورنر ہاؤس پشاور میں آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وسائل احتجاج اور دھرنوں میں خرچ ہو رہے ہیں۔ کے پی کے میں امن کے لیے صوبائی حکومت نے کچھ نہیں کیا۔‘
امیر مقام نے کہا کہ ’ضلع کرم میں لاشیں گِریں اور علی امین گنڈاپور اسلام آباد پر چڑھائی کر رہے تھے۔‘
واضح رہے کہ گورنر ہاؤس پشاور میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی صدارت میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا۔
کانفرنس میں آفتاب شیر پاؤ، میاں افتخار حسین، انجینیئر امیر مقام، مولانا لطف الرحمان، پروفیسر ابراہیم، محمد علی شاہ باچا، محسن ڈاور، سکندر شیر پاؤسمیت دیگر صوبائی قیادت نے شرکت کی۔
26ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواستیں، جسٹس منصور علی شاہ کا چیف جسٹس کو خط
جسٹس منصور علی شاہ نے 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواستوں کی سماعت کے لیے چیف جسٹس پاکستان کو ایک اور خط لکھ دیا ہے۔
خط میں جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ ’چیف جسٹس یحییٰ آفریدی 26 آئینی ترمیم کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے لیے فُل کورٹ تشکیل دیں۔‘
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ ’چیف جسٹس یحییٰ آفریدی رجسٹرار سپریم کورٹ کو درخواستیں سماعت کے لیے لگانے کا حکم دیں۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج، انڈیکس میں مثبت رجحان برقرار
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان برقرار ہے۔ کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی سٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی۔
اس وقت مارکیٹ 1455 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 1لاکھ 6 ہزار 570 پر ٹریڈ ہو رہی ہے۔
گذشتہ روز بدھ کو سٹاک مارکیٹ میں 545 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 5 ہزار 104 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔
پنجاب میں سموگ پر قابو پانے کے لیے جو کام ہوا اس کی مثال نہیں ملتی: مریم اورنگزیب
پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ’سموگ پر نو ماہ میں وزیراعلیٰ مریم نوازکی قیادت میں جو کام ہوا اس کی مثال نہیں ملتی۔ مارچ میں مریم نواز نے اجلاس میں تمام شعبہ جات کو ٹارگٹ دیے پنجاب کا پہلا سموگ کے خاتمے کا پلان بنایا۔‘
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’پچھلے نو ماہ میں معاشی اعشاریے بہترین جا رہے ہیں جس پر شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ساڑھے چھ سال بعد افراطِ زر کم ہو کر 4.9 پر آ گیا ہے۔ شہبازشریف کے پاس جادو کی چھڑی نہیں ہے جو معیشت میں بہتری آ رہی ہے۔‘
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ ’2018 سے 2023 تک کیا ہوا اب تو انڈسٹری بہتری ہو رہی ہے اور روزگار مل رہا ہے۔‘
انٹرنیٹ کی ایک گھنٹہ بندش سے 9 لاکھ دس ہزار ڈالر کا نقصان ہوتا ہے: آئی ٹی ایسوسی ایشن
پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی انڈسٹری کی ایسوسی ایشن (پاشا) کے چیئرمین سجاد سید نے سینیٹ کی کمیٹی برائے آئی ٹی کو بتایا ہے کہ انٹرنیٹ میں تعطل کے باعث ملک میں آن لائن کام کرنے والے سیکٹر کو روزانہ ایک ارب 30 کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔
جمعرات کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے پاشا کے چیئرمین نے بتایا کہ آئی ٹی انڈسٹری 30 فیصد کی شرح سے گروتھ کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’تمام ممالک وی پی اینز کو مانیٹر کرتے ہیں۔ پاشا نے وی پی این سروس پروائیڈرز کی تجویز دی ہے، حکومت کو تجویز دی وی پی اینز کو مقامی سطح پر رجسٹرڈ کرے۔‘
جناح ہاؤس حملہ کیس، عالیہ حمزہ سمیت چھ ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری
جناح ہاؤس حملہ کیس میں جیل ٹرائل سے غیر حاضر ہونے پر تحریک انصاف کی رہنما عالیہ حمزہ سمیت چھ ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ سمیت چھ ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔
عدالت نے ملزمان کو 19 دسمبر کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس، سماعت کارروائی کے بغیر ملتوی
احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان اور اُن کی اہلیہ کے خلاف 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی ہے۔
اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت کی۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو عدالت پیش کیا گیا۔
انہوں نے اعتراض کیا کہ ’چھوٹی کورٹ ہے اور یہاں میڈیا نہیں ہے۔‘
عدالت نے کیس کی سماعت جمعہ چھ دسمبر تک ملتوی کر دی۔
ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن معاشی اصلاحات میں اہم سنگ میل ہے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر کی ڈیجیٹائز یشن کے حوالے سے اہم امور31 دسمبر 2024 تک مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت ملکی معاشی صورتحال اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی معاشی اصلاحات میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے،معاشی ٹیم کی کوششوں کے ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں، فسکل سپیس بڑھنا خوش آئند ہے۔‘
ون واٹر کانفرنس، وزیراعظم نے چھ نکاتی ایجنڈا پیش کیا: دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’وزیراعظم شہباز شریف نے ریاض سعودی عرب کا دورہ کیا اور ون واٹر کانفرنس کی سائیڈ لائن پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔‘
دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ ’وزیراعظم نے سمٹ میں چھ نکاتی ایجنڈا پیش کیا جس کے تحت آبی مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سمٹ کی سائیڈلائن پر فرانس کے صدر سے بھی ملاقات کی۔
ترجمان کے مطابق پاکستان اقوام متحدہ کی منظور ہونے والی قرارداد کو خوش آئند قرار دیتا ہے جس میں فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی فوج کے انخلا اور فلسطینی ریاست کے قیام کی بات کی گئی ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے مزید بتایا کہ ’عافیہ صدیقی کے حوالے سے وزیراعظم کی جانب سے لکھے گئے خط کے بارے میں معلومات نہیں۔ پاکستان عافیہ صدیقی کے مقدمے کی پیروی کے لیے پُرعزم ہے۔‘
سپریم کورٹ نے پی آئی اے کی نجکاری روکنے کا حکم واپس لے لیا
سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے پاکستان ایئر لائن (پی آئی اے) نجکاری روکنے کا حکم واپس لیتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔
جسٹس امین الدین کی سربراہی میں آئینی بینچ نے پاکستان ایئر لائن کی نجکاری کیس کی سماعت کی۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ ’قومی ایئر لائن کی نجکاری کر کے حکومت کہیں سپریم کورٹ آرڈر کی خلاف ورزی تو نہیں کر رہی؟ سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا نجکاری عدالت کو اعتماد میں لے کر کی جائے۔‘
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ نجکاری پر اعتماد میں لینے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی تھی۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ ’عدالت اپنا اعتماد دیتی ہے، قومی ایئر لائن کی نجکاری اچھے طریقے سے کریں۔‘
عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں مزید 14 مقدمات درج
سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں مزید 14مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جس کے بعد بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات کی کُل تعداد 76ہوگئی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کے خلاف اسلام آباد پولیس کی جانب سے مقدمات کی رپورٹ جمع کرائی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اس سے قبل سابق وزیراعظم کے خلاف اسلام آباد میں 62 مقدمات درج تھے۔
یہ مقدمات 24 سے 27 نومبر کے درمیان اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت دفعہ 144 اور دیگر دفعات کے تحت درج کیے گئے ہیں۔
عمران خان کے خلاف مقدمات انسداد دہشتگری، قتل، دفعہ 144، ایمپلی فائر ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت درج ہوئے ہیں۔
پنجاب میں قیدیوں سے ملاقات کے لیے نیا طریقۂ کار کیا؟
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر محکمہ داخلہ نے جیل میں قیدیوں سے ملاقات کے اصول و ضوابط جاری کر دیے ہیں۔
قیدیوں کی عزیز و اقارب اور لیگل کونسل سے ملاقات جیل قواعد کے مطابق ہو گی۔ مین گیٹ پر ملاقاتیوں کی جامع تلاشی بذریعہ میٹل ڈیٹیکٹر اور واک تھرو گیٹ ہوگی۔
صرف ملاقات کے دن پر اور اصل شناختی کارڈ کے حامل افراد ہی قیدیوں سے ملاقات کر سکیں گے
ہر ملاقاتی کی مکمل تفصیل پریزن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم یا رجسٹر میں درج کی جائے گی
سکیورٹی کے پیش نظر سزائے موت کے قیدی، خطرناک قیدی ، پنشمنٹ بلاک میں بند قیدیوں کی ملاقات علیحدہ دنوں میں ہوگی۔
گورنر ہاؤس پشاور میں آل پارٹیز کانفرنس جاری
گورنر ہاؤس پشاور میں آل پارٹیز کانفرنس جاری ہے جس کی صدارت گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کر رہے ہیں۔
کانفرنس میں آفتاب شیر پاؤ، میاں افتخار حسین، انجنیئر امیر مقام، مولانا لطف الرحمان، پروفیسر ابراہیم، محمد علی شاہ باچا، محسن ڈاور، سکندر شیر پاؤسمیت دیگر صوبائی قیادت شریک ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کانفرنس کے آغاز پر کہا کہ ’صوبے کے امن و مسائل، حقوق کے لیے آج سیاسی قیادت یہاں موجود ہے۔ آج کانفرنس میں سیاسی قائدین کی موجودگی نے ثابت کیا کہ صوبہ کے مسائل و حقوق پر ہم سب یکجا ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’حق تو یہ تھا کہ وزیراعلیٰ جو حکمران جماعت کے صوبائی صدر بھی ہیں وہ اس کانفرنس کا انعقاد کرتے۔ اس کانفرنس کا اعلامیہ و تجاویز وفاقی حکومت کو ارسال کی جایئں گی۔‘
گورنر ہاؤس میں اے پی سی کے نام پر صوبے کا مسترد شدہ ٹولہ جمع ہوا: بیرسٹر سیف
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ’گورنر ہاؤس میں اے پی سی کے نام پر صوبے کا مسترد شدہ ٹولہ جمع ہوا ہے۔‘
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ اے پی سی سیاسی پوائنٹ سکورنگ اور پی ٹی آئی کے خلاف بیانیہ بنانے کی ناکام کوشش ہے، آل پارٹیز کانفرنس بلانا گورنر کا نہیں، منتخب حکومت کا مینڈیٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’گورنر اے پی سی کے بجائے وفاق کا نمائندہ ہونے کے ناطے مرکز سے بقایا جات لیں، گورنر صوبے کے چیف ایگزیکٹو بننے کی ایکٹنگ نہ کریں۔‘
حلقہ پی پی 139 شیخوپورہ میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ
پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 139 شیخوپورہ میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔
پولنگ کے دوران دو گروپوں میں جھگڑا ہو گیا جس کی وجہ سے پولنگ سٹیشن نمبر 39،40 اور41 پر ووٹنگ رک گئی ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمشنر پنجاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’پولنگ سٹیشن پر جھگڑے کے واقعات کو پولیس کی مداخلت سے پُر امن طریقے سے نمٹا لیا گیا ہے۔ تصادم کے دوران کارکنان کے زخمی ہونے کی تردید کرتے ہیں۔‘
الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں میں زلزلے کے جھٹکے
پنجاب کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کو صوبے کے تمام اضلاع سے زلزلے کے بارے ابتدائی رپورٹ موصول ہو گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہورسمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز کھاریاں پنجاب جبکہ گہرائی 15 کلومیٹر تھی۔ پنجاب کے کسی بھی علاقے سے جانی و مالی نقصان کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں صدارتی آرڈیننس کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال
پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ایک ماہ قبل منظور کیے گئے صدارتی آرڈیننس کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرنے کے لیے آج پہیہ جام اور شٹرڈاؤن ہڑتال ہے۔
کشمیر کی حکومت نے ایک ماہ قبل صدارتی آرڈیننس کے ذریعے مخصوص شرائط پر عمل کے بغیر احتجاج، جلسے جلوس اور مظاہرے کرنے پر سات سال قید کا قانون لاگو کیا تھا۔
یہ ہڑتال جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی اپیل پر کی گئی ہے۔ آل پارٹیز رابطہ کمیٹی بھی اس ہڑتال کی حمایت کر رہی ہے۔
جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے ہڑتال غیر معینہ مدت تک جاری رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔