تیسرا ٹی20: سنسنی خیز مقابلے کے بعد زمبابوے کی دو وکٹوں سے کامیابی
جمعرات 5 دسمبر 2024 14:09
اس سے قبل پاکستان نے پہلے دونوں ٹی20 میچز میں زمبابوے کو شکست دی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے آخری میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد زمبابوے نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دے دی جبکہ سیریز 1-2 سے پاکستان کے نام رہی۔
جمعرات کو بلاوائیو میں کھیلے گئے میچ میں 133 رنز کا ہدف زمبابوے نے 20ویں اوور کی پانچویں گیند پر آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے تھے۔
زمبابوے کی اننگز
زمبابوے کی جانب سے اوپننگ بیٹر برائن بینیٹ 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اس کے علاوہ کپتان سکندر رضا 19، ٹیڈیوانشے مارومانی 15، ڈائن مائرز 13، ویسلے مادھیویر سات، ٹشینگا موسیکیوا 7، ویلنگٹن ماساکاڈزا 6 اور رائن برل 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ٹِینوٹینڈا ماپوسا 12 جبکہ رچرڈ نگاروا ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی اور جہانداد خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ سفیان مقیم اور سلمان آغا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا مایوس کن آغاز کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ دوسرے اوور کی دوسری گیند پر عمیر یوسف کی صورت میں اس وقت گری جب ٹیم کے مجموعی رنز صرف چار تھے۔ وہ صفر پر پویلین لوٹے۔
اس کے ٹھیک ایک اوور بعد یعنی تیسرے اوور کی پہلی گیند پر صاحبزادہ فرحان بھی چار رنز بنا کر چلتے بنے۔
ون ڈاؤن آنے والے عثمان خان بھی اچھی کارگردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ وہ چوتھے اوور کی آخری گیند پر پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ یوں چار اوورز میں 19 رنز پر پاکستان کے تین بیٹر ناکام ہو کر پویلین لوٹ چکے تھے۔
اس کے بعد کپتان سلمان علی آغا کریز پر اترے تو تیزی سے گرتی ہوئی وکٹوں کو سنبھالا۔ وہ 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے طیب طاہر 21 ، قاسم اکرم 20، عباس آفریدی 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عرفات منہاس 22 اور جہانداد خان چھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، عثمان خان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا (کپتان)، طیب طاہر، قاسم اکرم، عرفات منہاس، جہانداد خان، عباس آفریدی، محمد حسنین اور سفیان مقیم شامل تھے۔
زمبابوے کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے زمبابوے کی پلیئنگ الیون میں برائن بینیٹ، تڈی واناشی مرومانی (وکٹ کیپر)، ڈیون مائرز، سکندر رضا (کپتان)، رائن برل، کلائیو مڈانڈے، تاشنگا موسیکیوا، ولنگٹن ماساکڈزا، رچرڈ این گاراوا، بلیسنگ مُوزاربانی اور ٹنڈوٹینڈا ماپوسو شامل تھے۔