Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں لبنانی کے مصری قاتل کو سزائے موت

اپیل کورٹ نے جرم کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے ابتدائی عدالت کا فیصلہ بحال رکھا(فوٹو، ایکس)
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ لبنانی شہری کے قتل کا جرم ثابت ہونے پر مصری کی سزائے موت پر جمعرات کو ریاض شہر میں عمل درآمد کردیا گیا۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری تفصیلی بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاص میں مقیم مصری شہری احمد عطیہ کا لبنانی باشندے حسین علی خزعلی سے کسی بات پر اختلاف ہو گیا تھا جس پر ملزم نے اس کے سر پر ضرب لگائی اور گلا گھونٹ کر اسے ہلاک کردیا۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ٹیموں نے واردات کی اطلاع ملتے ہی مفررو ملزم کی تلاش شروع کر دی ۔ تفتیشی ٹیموں نے جلد ہی ملزم کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کرلیا۔
ابتدائی تحقیقات میں ہی ملزم نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے تمام واقعات سے تحقیقاتی ٹیموں کو مطلع کردیا۔ ادارہ پراسیکیوشن نے قتل کا مقدمہ فوجداری عدالت کو بھیجا جہاں تمام شواہد کودیکھتے ہوئے مصری شہری کو موت کی سزا کا حکم سنا دیا۔ ابتدائی عدالت کے فیصلے کو اپیل کورٹ نے بھی بحال رکھا بعدازاں ایوان شاہی سے سزائے موت پر عمل درآمد کی توثیق کردی گئی۔
وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ جمعرات 5 دسمبر 2025 کو ریاض میں سزائے موت کے عدالتی احکامات پر عمل کردیا گیا۔

شیئر: