Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کا اعلان، تاریخی لمحہ کچھ دیر بعد

ایونٹ کی میزبانی کرنے والا مشرق وسطیٰ کا دوسرا ملک ہوگا (فوٹو: الشرق الاوسط)
فیفا ورلڈ کپ 2030 اور 2034 کی میزبانی کے لیے ممالک کے ناموں کا حتمی اعلان آج بدھ 11 دسمبر 2024 کو ایک گھنٹے بعد کیا جا رہا ہے۔
2030 کی میزبانی کے لیے سپین، پرتگال اور مراکش مشرکہ امید وار ہیں جبکہ فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کا واحد امیدوار سعودی عرب ہے۔
 2022 میں قطر ورلڈ کپ کے بعد سعودی عرب ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے والا مشرق وسطیٰ کا دوسرا ملک ہوگا۔
سعودی عرب میزبانی کے اعلان کے تاریخی لمحے کا منتظر اور دنیا کے سب سے بڑے فٹبال ایونٹ کی میزبانی کرنے کے لیے تیار ہے۔
سعودی عرب نے اپنے وژن 2030 فریم ورک کے تحت کھیلوں کی ترقی کی ایک پُرعزم حکمت عملی کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت ڈومیسٹک لیگز، انفراسٹرکچر اور نوجوانوں کے پروگراموں میں بھاری سرمایہ کاری کی گئی ہے۔
سبق نیوز کے مطابق ریاض میں ان عظیم تاریخی لمحات کے اعلان کے  بعد تمام شہروں میں جشن بنانے کی  تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
فیفا کا کہنا ہے میزبانی کےلیے سعودی فائل کو 500 میں سے 419.8 پوائنٹ مل چکےہیں جبکہ مد مقابل کوئی دوسرا ملک نہیں۔
ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کے مختلف شہروں میں عظیم تعمیری و ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جن میں فائیوسٹار ہوٹل، فٹبال سٹیڈیم اور دیگر تعمیری پروجیکٹس شامل ہیں۔

سب سے بڑا اور مرکزی سٹیڈیم شاہ سلمان انٹرنشینل سٹیڈیم ہے (فوٹو: ایس پی اے)

فیفا ورلڈ کپ کے لیے تعمیر کیے جانے والے سٹیڈیمز میں سب سے بڑا اور مرکزی سٹیڈیم شاہ سلمان انٹرنشینل سٹیڈیم ہے جہاں افتتاحی اور اختتامی تقریب منعقد ہو گی۔
مرکزی سٹیڈیم میں 93 ہزار افراد کی گنجائش ہوگی جبکہ مرکزی سٹیڈیم کے لیے مطلوبہ گنجائش 80 ہزار تک ہوتی ہے۔
ورلڈ کپ 2034 کے لیے مملکت کےپانچ شہروں میں 15 سٹیڈیم مخصوص کیے گئے ہیں جن میں ریاض، جدہ، الخبر، ابھا اور نیوم شامل ہیں۔ ریاض میں 8 سٹیڈیم فراہم کیے جائیں گے جبکہ باقی دیگر شہروں میں ہیں۔
عظیم عالمی ایونٹ کے لیے 2 لاکھ 30 ہزار کمروں پرمشتمل رہائشی ہوٹل ہوں گے جو مختلف شہروں میں قائم کیے جائیں گے جہاں یہ مقابلے منعقد ہوں گے۔
علاوہ ازیں وی آئی پیز کے لیے عالمی معیار کے رہائشی یونٹس اور میڈیا سینٹرز ہرعلاقے میں تعمیر ہوں گے۔ 15 شہروں میں 72 ٹریننگ کیمپس کےلیے اضافی سٹیڈیم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

شیئر: