مصنوعی ذہانت میں سعودی عرب کی کامیابیاں قابل تعریف ہیں: یونیسکو
سدایا‘ کے قیام کے بعد مملکت نے تیز رفتار ترقی کی جو انتہائی مثبت اقدام ہے (فوٹو: ایس پی اے)
اقوام متحدہ کے سائنسی اور ثقافتی ادارے ’یونیسکو‘ نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سعودی عرب کی پیش رفت کو سراہا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق یونیسکو کی رپورٹ میں کہا گیا کہ 2019 میں سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی ’سدایا‘ کے قیام کے بعد سے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں مملکت نے تیز رفتار ترقی کی جو انتہائی مثبت اقدام ہے۔
مصنوعی ذہانت کے شعبے میں کی جانے والی ترقی میں حکومتی اور نجی شعبے کا کردار مثالی رہا جس کی وجہ سے انتہائی کم وقت میں اس شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئی۔
یونیسکو کے شعبے سماجی علوم کی سسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل گیبریلا راموس کا کہنا تھا’ سدایا کی جانب سے مصنوعی ذہانت کے شعبے کو مضبوط بنیادوں پر کھڑا کرنے کےلیے انتہائی مستحکم پالیسی وضع کی گئی جس کی وجہ سے تیز رفتار ترقی کا حصول ممکن ہوا۔‘
انہوں نے مزید کہا ’ مملکت کے پاس مصنوعی ذہانت کے حوالے سے واضح روڈ میپ موجود ہے جس کی روشنی میں عمل کرتے ہوئے بہتری کی منازل طے کرتے جائیں گے۔‘
دریں اثنا یونیسکو کی کمیٹی کی جانب سے جاری کی جانے والی رپورٹ میں مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں مملکت کی مثالی ترقی کو بیان کرتے ہوئے کہا گیا کہ مصنوعی ذہانت کی ترقی کےلیے حکومتی حکمت عملی کے باعث 2024کے انڈیکس میں عالمی سطح پر نمایاں پوزیشن حاصل کی جبکہ عوامی آگاہی کے حوالے سے انٹرنیشنل رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر ہے۔