سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے اتوار کو العلا کے سرمائی کیمپ میں اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی کا خیرمقدم کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماوں نے سعودی عرب اور اٹلی کے درمیان تعلقات اور مختلف شعبوں میں ان کی سپورٹ اور انہیں بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
سعودی ولی عہد سے العلا میں یونان کے وزیراعظم کی ملاقاتNode ID: 884387
-
اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئیںNode ID: 884947
علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال، اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں کے علاوہ مشترکہ دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے بعد سعودی ولی عہد اور اطالوی وزیر اعظم نے سعودی عرب اور اٹلی کی حکومتوں کے درمیان سٹریٹجک پارٹنر شپ کونسل کے قیام کے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس موقع پر وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، اٹلی میں سعودی سفیر شہزادہ فیصل بن سطام بن عبدالعزیز، مدینہ منورہ ریجن کے گورنر شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز، ریاض ریجن کے نائب گورنر شہزادہ محمد عبدالرحمن بن عبدالعزیز، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سمیت وزرا، شاہی شخصیات اور عہدیداروں نے شرکت کی۔
علاوہ ازیں اطالوی وزیر اعظم کو بیت الشعر میں مستند سعودی ورثے اور ثقافت کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
یاد رہے اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی سنیچر کو سعودی عرب کے سرکاری دورے پر جدہ پہنچی تھیں۔
اطالوی وزیراعظم کا یہ دورہ رواں ماہ کے آغاز میں دونوں ملکوں کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے ایک معاہدے پر دستخط کے بعد ہورہا ہے۔
اس معاہدے میں سعودی عرب سے گرین ہائیڈروجن کی یورپ کو ممکنہ فراہمی شامل ہے۔
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے 14 جنوری کو اطالوی ہم منصب سے ملاقات اور مفاہمتی یادداشت پردستخط کے لیے اٹلی کا دورہ کیا تھا۔
اٹلی اور سعودی عرب کے درمیان 1932 سے قریبی تعلقات قائم ہیں۔ اٹلی سعودی عرب کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والے اولین ملکوں میں شامل تھا اور جدہ میں اپنا قونصلیٹ کھولا تھا۔
دونوں ملکوں کے درمیان 1933 میں تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔ سعودی عرب اور اٹلی کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔