سعودی عرب میں نومبر کے دوران افراط زر کی شرح 2 فیصد، کیا سستا ہوا، کن اشیا کے نرخ بڑھے؟
اتوار 15 دسمبر 2024 20:26
اپارٹمنٹ کے کرائے کی قیمتوں میں 12.5 فیصد اضافہ ہوا ہے ( فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں سالانہ افراط زر کی شرح اس سال نومبر میں دو فیصد رہی ہے۔
جنرل اتھارٹی برائے شماریات کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق نومبر میں مکانات کے کرایوں میں سال بہ سال 10.8 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اسی عرصے کے دوران اپارٹمنٹ کے کرائے کی قیمتوں میں 12.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
مجموعی طور پر ہاوسنگ، پانی، بجلی، گیس اور دیگر ایندھن کی لاگت میں پچھلے سال کے مقابلے میں 9.1 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
یاد رہے سعودی عرب میں افراط زر کی شرح مشرق وسطی اور عالمی سطح پر سب سے کم ہے، جو اقتصادی استحکام کو برقرار رکھنے اور عالمی قیمتوں کے دباو سے نمنٹے کےلیے مملکت کے موثر اقدامات کو ظاہر کرتی ہے۔
اکتوبر میں جاری ہونے والی ورلڈ بنک کی رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی کہ سعودی عرب میں افراط زر کی شرح 2024 میں 2.1 فیصد اور 2025 میں 2.3 فیصد پر مستحکم رہے گی جو خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) کی اوسط سے بہت کم ہے۔
رپورٹ کے مطابق ریستوران اور ہوٹل کے اخراجات میں 1.5 فیصد جبکہ تعلیمی شعبے میں 2.7 فیصد سالانہ اضافہ دیکھا گیا۔
کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں سال بہ سال 0.3 فیصد کا معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس میں گوشت اور پولٹری کی قیمتوں میں 1.9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
فرنشنگ اور گھریلو سامان کی قیمتوں میں سال بہ سال 2.9 فیصد کمی آئی ہے۔ فرنیچر، قالین اور فلورنگ کی قیمتوں میں 4.4 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
اسی طرح کپڑوں اور جوتوں کی قیمتوں میں 2.3 فیصد کمی دیکھی گئی جبکہ ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات میں 2.5 فیصد کمی ہوئی ہے۔