دوسرا ون ڈے: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ہرا کر سیریز اپنے نام کر لی
دوسرا ون ڈے: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ہرا کر سیریز اپنے نام کر لی
جمعرات 19 دسمبر 2024 15:01
اس سے قبل پہلے ون ڈے میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تین وکٹوں سے شکست دے دی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 81 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔
جمعرات کو نیولینڈز، کیپ ٹاؤن میں ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 44 ویں اوور کی پہلی گیند پر 248 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
ہینرک کلاسن کے 97 رنز کی اننگز بھی جنوبی افریقہ کو جیت نہ دلا سکی۔ 32 گیندوں پر 63 رنز بنانے والے کامران غلام پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
شاہین شاہ آفریدی کی چار اور نسیم شاہ کی تین وکٹوں نے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ بابر اعظم 73، محمد رضوان 80، کامران غلام 63 اور سلمان علی آغا 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان نے جنوبی افریقہ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں 328 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی اننگز
جنوبی افریقہ نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا تو اوپنرز نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی۔
جنوبی افریقہ کو 34 رنز کے مجموعی سکور پر پہلا نقصان ہوا، کپتان ٹیمبا باووما چھٹے اوور کی آخری گیند پر 12 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ 74 کے مجموعی سکور پر ٹونی ڈی زورزی کی صورت میں گری، وہ تین چوکوں کی مدد سے 34 رنز بنا کر ابرار احمد کا شکار بنے۔
اس کے بعد راسی وینڈر ڈوسن 23، ایڈن مارکرم 21، ڈیوڈ ملر 29، مارکو یانیسن 3، بجورن فورٹین 9، کوینا مافاکا 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ تبریز شمسی ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ہینرک کلاسن نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 97 رنز بنائے۔ انہوں نے چار چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 74 گیندوں پر 97 رنز بنائے۔ وہ نسیم شاہ کی گیند پر عرفان خان کو کیچ تھما کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے چار، نسیم شاہ نے تین، ابرار احمد دو اور سلمان علی آغا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان نے جنوبی افریقہ کی دعوت پر بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنر عبداللہ شفیق پہلے اوور کی چوتھی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کو دوسرا نقصان صائم ایوب کی صورت میں ہوا۔ وہ پانچ چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد بابر اعظم کریز پر اترے اور ایک طویل عرصے بعد فارم میں نظر آئے۔ انہوں نے کپتان محمد رضوان کے ہمراہ جنوبی افریقی بولرز کو ٹف ٹائم دیا۔
بابر اعظم سات چوکوں کی مدد سے 73 رنز جبکہ محمد رضوان تین چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 80 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
سلمان علی آغا عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کامران غلام کی دھواں دار بیٹنگ نے پاکستان کو بڑا سکور کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 32 گیندوں پر پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے۔
ان کے علاوہ عرفان خان 15، شاہین شاہ آفریدی 16، حارث رؤف چھ اور ابرار احمد چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ نسیم شاہ صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکو یانیسن نے تین، کوینا مافاکا نے چار جبکہ بجورن فورٹین اور اینڈائل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل 17 دسمبر کو پارل میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔
دونوں ٹیموں کر درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 22 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
کپتان محمد رضوان، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابراعظم، کامران غلام، سلمان علی آغا، عرفان خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابرار احمد پاکستان کی پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔
جنوبی افریقہ الیون
ٹیمبا باووما (کپتان)، ٹونی ڈی زورزی، مارکو یانیسن، ہینرک کلاسن (وکٹ کیپر)، کوینا مافاکا، ایڈن مارکرم، ڈیوڈ ملر، اینڈائل، تبریز شمسی، بجورن فورٹین اور ریسی وین دیر ڈیسن جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون کا حصہ تھے۔