لائیو: لاہور ہائی کورٹ کا دارالامان پنجاب سے تمام مرد ملازمین کو ہٹانے کا حکم
یہ لائیو پیج مزید اپ ڈیٹ نہیں کیا جا رہا
لاہور ہائی کورٹ نے دارالامان اور چائلڈ پروٹیکشن بیوروز سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا کہ دارالامان کی صوبے میں قائم برانچز سے تمام مرد ملازمین کو ہٹایا جائے۔
منگل کو جسٹس طارق سلیم شیخ نے حکم دیا کہ حکومت پنجاب شیلٹر ہومز کی مانیٹرنگ کے لیے ڈیٹا بیس اور سافٹ وئیر بنائے۔
اس کے علاوہ لاہور ہائی کورٹ نے دارالامان کے داخلی راستے اور احاطے میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے اور وہاں خواتین پولیس اہلکاروں کو تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے دارالامان اور چائیلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے سے اہم ہدایت جاری کر دیں۔
اس معاملے میں درخواست ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان سمیت دیگر افراد کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ ’حکومت پنجاب تمام شیلٹر ہومز اور حفاظتی سینٹرز کو ریگولیٹ کرنے کے لیے 6 ماہ میں خواتین تحفظ ایکٹ 2016 کے تحت اور بچوں کے تحفظ کے اداروں کو چلانے کے لیے رولز بنائے۔‘
’ہر ضلعے کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کم از کم 2 ماہ میں ایک مرتبہ متعلقہ دارالامان کا جائزہ لیں۔ دارالامان میں رہنے والی خواتین کی معاشی بحالی کے لیے انہیں پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے، دارالامان، شیلٹر ہومز کے حوالے سے متعلق ویب سائٹ پر تمام معلومات فراہم کی جائیں۔‘
چوہنگ کے علاقے میں بھائی کے ہاتھوں 24 سالہ بہن قتل
لاہور کے علاقے چوہنگ میں 24 سالہ خاتون سکول ٹیچر کو ان کے سگے بھائی نے قتل کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق زرقا جاوید کو ان کے بھائی عثمان نے فائرنگ کرکے قتل کیا۔
مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
دریں اثنا چیئرپرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ مقتولہ کے گھر گئی اور ان کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
حنا پرویز بٹ نے متاثرہ خاندان کو انصاف کی یقین دہانی کرادی۔
پاکستانی نمائندہ خصوصی کی افغان وزیرخارجہ سے ملاقات
پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق کی افغان وزیرخارجہ امیر خان متقی سے ملاقات ہوئی ہے۔
محمد صادق نے منگل کو اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ میں کہا کہ ’اس ملاقات میں تفصیلی موضوعات پر بات چیت ہوئی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس ملاقات میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بڑھانے اور خطے میں امن اور ترقی کے کے لیے مل کر کام کرنے اتفاق کیا گیا ہے۔‘