ریاض فیسٹیول میں عراقی اور سعودی ثقافتوں کا مشترکہ سنگم
ریاض فیسٹیول میں عراقی اور سعودی ثقافتوں کا مشترکہ سنگم
بدھ 25 دسمبر 2024 17:51
بلیوارڈ سٹی میں بین الثقافتین فیسٹیول 31 دسمبر تک جاری رہے گا۔ فوٹو عرب نیوز
عراق اور سعودی عرب کے خطوں سے جڑے ہزاروں سال پر محیط مضبوط تعلقات، عرب ثقافتی ورثے اور دیرینہ روایات سے مبنی ہیں جو قبل از اسلام دور سے چلے آ رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت ثقافت کے زیر اہتمام دوسرا ’بین ثقافتی‘ فیسٹیول دونوں ممالک کے درمیان آرٹ، کھانوں اور پرفارمنس کے ذریعے آپسی تعلقات کی جھلک پیش کر رہا ہے۔
عراق کی وزارت ثقافت، سیاحت اور نوادرات کے فیسٹیول ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ الطاف ابراہیم نے بتایاہے بغداد اور تمام عراقی گورنریٹس سعودی ثقافت اپنانے کے لیے پیش پیش ہیں۔
ریاض فیسٹیول میں منعقدہ تقریب نام کے لحاظ سے تو بین ثقافتین ہے یعنی دو ثقافتوں کے درمیان لیکن یہ کہنے میں فخر محسوس کرتے ہیں کہ ہم سب ایک ثقافت اور ایک معاشرہ ہیں۔
مشترکہ ثقافتوں پر مبنی یہ بہت اہم تقریب ہے جو وزارت ثقافت کی زیر نگرانی دو سال سے منعقد ہو رہا ہے اور ہمارا ارادہ ہے کہ 2025 میں اس تقریب کا انعقاد سعودی ثقافت کے ساتھ بغداد میں کیا جائے۔
تقریب کے اہم حصوں میں شامل ایک ’المتنبی سٹریٹ‘ ہے جو بغداد کی تاریخی سڑک ہے اور معروف عرب شاعر المتنبی سے موسوم ہے جو ان کی یاد دلاتی ہے۔
یہ جگہ خاص علمی مرکز کتابوں کی دکانوں، ملبوسات، لائیو پینٹنگ، عود کی موسیقی اور ثقافتی تبادلوں اور مباحثوں کی میزبانی کرتی ہے۔
کتابوں کی دکانوں کے مرکز میں بغداد کے قدیم ترین کافی ہاؤسز میں سے ایک ’شابندر کیفے’ ہے جو ایک صدی سے زائد عرصہ قبل کھولا گیا اور اب شہر کی نمایاں علامت ہے جو عراق کی تاریخ کے اتار چڑھاؤ اور سانحات کا گواہ ہے۔
الطاف ابراہیم نے بتایا ’الشابندر کیفے شاعروں اور دانشوروں کے لیے مخصوص مقام ہے، جہاں دارالحکومت کی سب سے نمایاں ثقافتی سرگرمیاں منعقد ہوتی ہیں، المتنبی کی شاعری کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔
اس جگہ پر آنے والے زائرین تازہ ترین ثقافتی خبروں کے بارے میں جان سکتے ہیں۔ یہاں ہر میز پر اخبار موجود ہوتا ہے۔
تقریب میں پیش کئے جانے والے ثقافتی ورثے میں کتابوں اور ادب کے علاوہ موسیقی کی پرفارمنسز بھی شامل ہے جو دونوں ممالک کی ثقافتوں کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت بخشتی ہے۔
تقریب میں زائرین دونوں ممالک کے مقامی پکوانوں سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں اور روزانہ دو بار سٹیج پر پیش کیے جانے والی روایتی موسیقی اور علاقائی رقص کی پرفارمنسز سے محظوظ ہوتے ہیں۔
فیسٹیول میں سعودی عرب اور عراق کی روایتی ملبوسات، موسیقی کے آلات، گانے اور اہم ثقافتی شخصیات کی تاریخ کے حوالے سے اہم نمائش کا بھی اہتمام کیا گیاہے۔
ریاض کے بلیوارڈ سٹی کے میگا سٹوڈیو میں منعقد ہونے والا بین الثقافتین فیسٹیول 31 دسمبر تک جاری رہے گا۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں