سعودی عرب کی نان آئل برآمدات میں اکتوبر کے دوران 12.7 فیصد اضافہ
نان آئل ایکسپورٹ کیٹیگری میں کیمیکل مصنوعات سرفہرست ہیں (فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب کی نان آئل ایکسپورٹ میں اکتوبر کے دوران 12.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو بڑھ کر 25.38 ارب ریال تک پہنچ گئی۔
محکمہ شماریات کے اعداد وشمار کے مطابق نان آئل ایکسپورٹ کیٹیگری میں کیمیکل مصنوعات سرفہرست ہیں جو کل برآمدات کا 26.8 فیصد ہے جبکہ پلاسٹک اور ربڑ کی مصنوعات کاحصہ 23.7 فیصد رہا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق نان آئل ایکسپورٹ اور امپورٹ کا تناسب اکتوبر 2024 میں بڑھ کر 35.2 فیصد ہوگیا جو اکتوبر 2023 میں 30.1 فیصد تھا۔ اس کی وجہ نان آئل برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں 3.8 فیصد کمی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ’سعودی عرب کی کل برآمدات میں سے تیل کا حصہ کم ہوکر اب 72.6 فیصد رہ گیا ہے۔‘
نان آئل برآمدات میں اضافہ سعودی عرب کے وژن 2030 کی حکمت عملی کی بنیاد ہے، جس کا مقصد مملکت کے معاشی منظر نامے کو تبدیل اور تیل کی آمدنی پر انحصار کم کرنا ہے۔
سعودی عرب نے اپریل 2023 میں تیل پیداوار میں رضاکارانہ کٹوتی کا آغاز کیا اور عالمی مارکیٹ کو مستحکم کرنے کےلیے دسمبر 2024 کے آخر تک توسیع کی گئی تھی۔
چین، سعودی عرب کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر رہا جس نے اکتوبر میں 14.95 ارب ریال کا سامان درآمد کیا جو اکتوبر میں مملکت کل برآمدات کا 16.1 فیصد ہے۔