جازان میں لڑکی کے اغوا اور زیادتی میں ملوث شہری کو سزائے موت
ابتدائی عدالت کے فیصلے کو اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ نے بحال رکھا۔ (فوٹو: اخبار24)
سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے’ جازان ریجن میں لڑکی کے اغوا اور زیادتی میں ملوث سعودی شہری کی سزائے موت پر عمل درآمد کردیا گیا۔‘
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے’ کے مطابق سعودی شہری بدر بن محا مجرشی کو ایک کم عمر لڑکی کو اغوا اور اس کے ساتھ زیادتی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
ملزم کے خلاف تمام ثبوت پراسیکیوشن نےعدالت کو فراہم کیے جہاں جرم ثابت ہونے پر اسے ’فساد فی الارض‘ یعنی زمین پر فتہ و فساد برپا کرنے کے جرم میں سزائے موت کا حکم صادر کیا گیا۔
ابتدائی عدالت کے فیصلے کو اپیل کورٹ اورسپریم کورٹ نے بھی بحال رکھا۔
ایوان شاہی سے بھی جرم کی سنکین نوعیت کو دیکھتے ہوئے سزائے موت کی توثیق کردی گئی۔
وزارت داخلہ نے سنیچر 28 دسمبر کو جازان ریجن میں عدالتی حکم کے مطابق مجرم کی سزائے موت پر عمل درآمد کردیا۔