Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف فتح، بابر اعظم کی ’مبارک باد‘ ٹرینڈ کیوں بن گئی؟

پاکستان نے تقریبا ساڑھے تین سال بعد ہوم ٹیسٹ سیریز جیتی ہے (فوٹو: پی سی بی، ایکس)
پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے آخری میچ میں جیت حاصل کر ہوم سیریز 1-2 سے اپنے نام کی ہے۔
پاکستان کی جانب سے ساجد خان اور نعمان علی نے شاندار کارگردگی کا مظاہرہ کیا۔
میچ کے تیسرے روز سنیچر کو ساجد خان نے چار اور نعمان علی نے چھ انگلش کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا جس کی وجہ سے پاکستان تقریبا ساڑھے تین سالوں بعد ہوم سیریز میں فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے جہاں ساجد خان، نعمان علی اور پاکستان ٹیم کی شاندار کارکردگی پر ستائش کی جا رہی ہے وہیں سابق کپتان بابر اعظم سکواڈ کا حصہ نہ ہونے کے باوجود سخت تنقید کی زد میں ہیں۔
بابراعظم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کو فتح پر مبارک باد دی۔
بابر اعظم نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’ٹیم کی جانب سے کمال کی کوشش جو ایک عظیم واپسی میں تبدیل ہوئی، نعمان اور ساجد نے میچ کا پانسا ہی پلٹ دیا، بہت مبارک پاکستان۔‘
بابر اعظم کی اس پوسٹ پر کرکٹ فینز کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
کریتی سنگھ نامی صارف نے بابر اعظم کی پوسٹ کے جواب میں لکھا کہ ’جب سے آپ کو پاکستان ٹیم سے نکالا گیا ہے پاکستان کے اچھے اور انڈیا کے بُرے دن شروع ہو گئے ہیں، جلدی سے ٹیم میں واپسی کریں تاکہ قدرت کا پیمانہ برابر ہو۔‘
جونز نامی صارف نے لکھا ’پاکستان کے میچ کے جیتنے کا سارا کریڈیٹ آپ کو جاتا بوبزی، آپ کے ٹیم میں رہتے ہوئے پاکستان کبھی بھی میچ نہیں جیت سکتا تھا۔‘
پنکج نامی صارف نے بابر اعظم کی فوٹو شیئر کرتے ہوئے لکھا ’خدا حافظ۔‘
گلزار نائیک نامی صارف نے لکھا ’جب تک آپ ٹیم سے باہر ہیں فتوحات کا سلسلہ جاری رہے گا۔‘
سعد انصاری نامی صارف نے لکھا ’مجھے کامل یقین ہے اگر آپ ٹیم کا حصہ ہوتے تو انگلینڈ یقینی طور پر پاکستان کو شکست دیتا۔‘
کئی سوشل میڈیا صارفین نے اس موقع پر بابر اعظم کے ساتھ یکجہتی کا بھی اظہار کیا۔
ندیم نامی صارف نے لکھا ’ہم نے آپ کو بہت مس کیا سکیپر۔‘
مومنہ عباسی نامی صارف نے لکھا ’ہم نے آپ کو بہت مس کیا ہے سکیپر، آپ کے جلد واپس لوٹنے کی امید ہے، آپ کے مداح آپ کے انتظار میں ہیں۔‘
حسنین نامی صارف نے بابر اعظم کو مشورہ دیتے ہوئے لکھا ’آپ تھوڑی ٹریننگ کر لیں، آسٹریلیا کی سیریز آرہی ہے۔‘

 

شیئر: