میٹا کا اپنے پلیٹ فارمز پر فیکٹ چیک ختم کرنے کا اعلان
بدھ 8 جنوری 2025 15:44
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
مارک زکر برگ نے تھرڈ پارٹی فیکٹ چیکنگ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے (فوٹو: میٹا)
فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے اعلان کیا ہے کہ اب وہ اپنے پلیٹ فارمز پر تھررڈ پارٹی کے ذریعے فیکٹ چیک پروگرام ختم کر رہا ہے۔
منگل کو میٹا کے بانی مارک زکر برگ نے اعلان کیا ہے کہ میٹا پلیٹ فارمز تھرڈ پارٹی فیکٹ چیکنگ کی جگہ اپنے صارفین کی آراء پر مبنی مواد شامل کرے گا۔
یعنی تھرڈ پارٹی فیکٹ چیکنگ کے خاتمے کے ساتھ ہی فیس بک پر شیئر کیے گئے مواد کا دار و مدار اب کمیونٹی نوٹس پر ہوگا۔
اسی طرح کا طریقہ کار سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس(سابقہ ٹوٹر) پر استعمال ہو رہا ہے۔ کمیونٹی نوٹس کے ذریعے پلیٹ فارم پر شیئر کی گئی پوسٹ کے درست یا غلط ہونے کا فیصلہ اس پلیٹ فارم کے صارفین کی رائے پر کیا جاتا ہے۔
مثال کے طور آپ ایکس پر ایک پوسٹ کرتے ہیں جو حقائق پر مبنی نہیں ہوتی تو ایکس صارفین اس پوسٹ کے نیچے ووٹنگ کے ذریعے یہ فیصلہ کر دیتے ہیں کہ آیا شیئر کی گئی پوسٹ درست ہے یا غلط۔ صارفین کی ووٹنگ کے نتائج کمیونٹی نوٹ کے طور پر مذکورہ پوسٹ کے ساتھ دکھائی دیتا ہے۔
سی سی این کے مطابق میٹا کی جانب سے یہ تبدیلی ٹھیک اس وقت لائی جا رہی ہے جب نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے عہدے کا حلف اٹھانے والے ہیں۔
ماضی میں ٹرمپ اور ان کے حامی دوسرے ری پبلکنز کی جانب سے میٹا پر سخت تنقید کی جاتی رہی ہے۔ ان کی جانب سے میٹا پر دائیں بازو کی آوازوں کو دبانے کا الزام بھی عائد کیا جاتا رہا ہے۔
مارک زکر برگ نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ’فیکٹ چیکرز اب بہت زیادہ سیاسی ہو گئے ہیں اور انہوں نے وہ اعتماد بھی بڑی حد تک کھو دیا ہے جو انہوں نے بنایا تھا۔ جو اقدام اس لیے اٹھایا گیا تھا کہ آزادی اظہار رائے کو فروغ دیا جا سکے وہ بڑھتے بڑھتے رائے کو روکنے اور مختلف خیالات رکھنے والے لوگوں کو دبانے کے لیے استعمال ہونے لگا ہے، اور یہ حد سے تجاوز کر چکا ہے۔‘
ان کی جانب سے مزید کہنا تھا کہ ’میں یہ یقینی بنانا چاہتا ہوں کہ ہمارے پلیٹ فارمز پر لوگ اپنے عقائد اور تجربات کا تبادلہ کر سکیں۔‘