’اس کو نظر انداز کرنا مشکل‘، میٹا اے آئی کا استعمال اور اس سے جڑے کچھ سوال
پیر 22 اپریل 2024 20:22
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
واٹس ایپ، انسٹگرام اور فیس بک کی مالک امریکہ کی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے اپنا آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی چیٹ باٹ متعارف کروا دیا ہے۔
میٹا کے بانی مارک زکربرگ نے اپنے تمام پلیٹ فارمز کو اے آئی سے لیس کر دیا ہے جس کے بعد انٹرنیٹ صارفین کے ذہن میں کئی سوالات جنم لے رہے ہیں۔
میٹا نے اے آئی متعارف کیوں کروایا؟
آخر کیا وجہ ہوئی کہ اچانک مارک زکربرگ نے اپنی تمام ایپلی کیشنز میں آرٹیفشل انٹیلی پر مبنی چیٹ باٹ متعارف کروایا؟ وہ بھی اس وقت جب کسی نے اس کا مطالبہ بھی نہیں کیا۔
اس کی وجہ ایک ہی ہے، جیسے وائس اسسٹنٹس کا زمانہ آیا، پھر ریلز اور شورٹس کا چرچہ رہا ویسے ہی اب ٹیک کمپنیاں اے آئی کی ریس میں شامل ہو رہی ہے۔
تقریبا دنیا کی آدھی آبادی پر مشتمل صارفین کیساتھ میٹا بھی اس ریس میں شامل ہو چکا ہے۔
میٹا اے آئی کیسے کام کرتا ہے اور اس کو کیسے استعمال کیا جائے؟
اوپن اے آئی کا چیٹ جی پی ٹی (Chat GPT)، مائیکروسافٹ کو پائلٹ (Co-pilot) اور گوگل جیمینائی (Gemini)سے بیشک صارفین نے خود کو دور رکھا ہو مگر میٹا اے آئی سے دور رہنا بہت مشکل ہونے والا ہے۔
میٹا نے اپنے سوشل پلیٹ فارمز کی سرچ بارز میں ہی اے آئی کا فیچر متعارف کروا دیا ہے، صارفین نہ چاہتے ہوئی بھی اسے نظر انداز نہیں کر پائیں گے۔
اگر کوئی صارف اس فیچر سے تنگ ہیں تو بری خبر یہ ہے کہ اسے بند کرنے کا بھی کوئی آپشن موجود نہیں ہے۔
اگر کسی صارف کے پاس یہ فیچرز نہیں آئے تو وہ اپنی واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام کو اپگریڈ کر کے ان فیچرز سے مستفید ہو سکتے ہیں۔
میٹا اے آئی کا استعمال آپ سرچ بارز میں جا کے کر سکتے ہیں، آپ کوئی بھی کمانڈ دیں اے آئی نہ صرف آپ کو اس کا جواب دے گا بلکہ آپ کی فرمائش پر آپ کو اپنے مطلب کی تصاویر بھی بنا کر دے گا۔
اس کیلئے آپ کو سوشل میڈیا ایپ سے باہر جا کر گوگل کرنے یا کوئی دوسرا اے آئی چیٹ بوٹ استعمال کرنے کی ضرورت بھی نہیں ہو گی۔
کیا میٹا اے آئی صارفین کا ڈیٹا اکٹھا کر سکتا ہے؟
سب سے اہم سوال یہ کہ کیا میٹا صارفین کا ڈیٹا اپنے پاس رکھتا ہے؟ اس کا جواب ہو گا ہاں اور نہیں بھی۔
آپ اے آئی سے جو بھی بات کریں گے میٹا وہ ڈیٹا تو محفوظ رکھے گا مگر آپ کی شناخت واضح نہیں ہو گی۔ لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کمپنی چاہے تو ڈیٹا پوائنٹس کو ملا کر آپ کی شناخت بھی پتا کر سکتی ہے۔