ایک اور سہولت، ریاض میٹرو کے تمام روٹس گوگل میپ پر اپ لوڈ
ریاض میٹرو کے 6 ٹریکس ہیں جن کی مجموعی لمبائی 176 کلو میٹر ہے (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
ریاض میٹرو کے ٹریکس کو ’گوگل میپ‘ پر اپ لوڈ کردیا گیا ہے۔ میٹرو کے راستے اور سٹیشنز کی تفصیلات بھی میپ پر فراہم کی گئی ہیں تاکہ مسافروں کو اپنے راستے کا تعین کرنے میں سہولت ہو۔
اخبار 24 کے مطابق رواں ہفتے ریاض میٹرو کے اورنج روٹ کا بھی آغاز کردیا گیا تھا جو ریاض شہر کے مشرقی سمت کو مغربی جانب سے جوڑتی ہے جس کی مجموعی مسافت 41 کلو میٹر ہے۔
اورنج ٹریک کے افتتاح کے ساتھ ریاض میٹرو سروس مکمل طورپر فعال ہوگئی ہے۔ میٹرو کا یومیہ آغاز صبح 6 بجے ہوتا ہے جو رات کے 12 بجے تک جاری رہتی ہے۔
ریاض میٹرو کے 6 ٹریکس ہیں جن کی مجموعی لمبائی 176 کلو میٹر ہے جبکہ سٹیشنز کی تعداد 85 ہے جن میں 4 مرکزی سٹیشنز شامل جو جدید انجینیئرنگ کا شاہکار ہیں۔
میٹرو کے ٹکٹ خریدنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے ’درب‘ ایپ بھی لانچ کی گئی ہے جس کے ذریعے میٹرو کے کارڈز میں بیلنس بھی ری چارج کیا جاسکتا ہے۔