لگتا ہے کہ بالی وُڈ کی مشہور اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت معروف فلم میکر کرن جوہر کے ساتھ جاری طویل عرصے کے تنازع کو ختم کرنا چاہتی ہیں۔
شوبز کی خبروں کی ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق ایک لمبے عرصے تک کرن جوہر پر تنقید کرنے کے بعد اب کنگنا رناوت ان کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہیں۔
مزید پڑھیں
-
’بجرنگی بھائی جان‘ کی آفر ٹھکرا دی تھی: کنگنا رناوتNode ID: 877859
لیکن اس میں تھوڑی سی مختلف اور دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ کرن جوہر کی فلم میں کام کرنے کے بجائے ان سے اپنی فلم میں اداکاری کروانا چاہتی ہیں۔
اداکارہ نے کہا ہے کہ ’میں بطور ہدایت کار فلم بناؤں گی تو کرن جوہر کو ایک اچھے کردار کی پیشکش کروں گی۔‘
اس سے قبل متعدد مرتبہ کنگنا رناوت کی جانب سے کرن جوہر الزام لگایا جاتا رہا کہ وہ اپنی فلموں میں صرف شوبز شخصیات کے بچوں کو ہی موقع دیتے ہیں۔
سونی ٹی وی کے ریئلٹی شو انڈین آئیڈل میں شرکت کے دوران کنگنا رناوت نے کرن جوہر کو اپنی ہدایت کاری میں بننے والی فلم میں کاسٹ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اداکارہ سے سوال پوچھا گیا تھا کہ ان کے اور کرن جوہر کے درمیان چپقلش کے باوجود وہ اگر انہیں فلم آفر کرتے ہیں تو وہ اس پر کیا ردعمل دیں گی؟
اس سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’میں معذرت خواہ ہوں لیکن میرے خیال میں کرن سر کو میرے ساتھ موی کرنی چاہیے، میں انہیں بہت اچھا رول دوں گی اور ایک اچھی فلم بناؤں گی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ کوئی ساس بہو کی چغلی بازی والی فلم نہیں ہو گی بلکہ یہ ایک باقاعدہ فلم ہو گی اور کرن سر کو اس میں ایک باقاعدہ کردار ملے گا۔‘
یاد رہے کہ 2017 میں کنگنا رناوت کی ’کافی ود کرن‘ میں شرکت کے دوران کرن جوہر سے کچھ نوک جھوک ہو گئی تھی۔
کنگنا نے کرن جوہر کو ’مووی مافیا‘ اور ’اقربا پروری کا علمبردار‘ قرار دیا تھا۔ کرہن جوہر نے اس وقت اداکارہ کی ان باتوں کا کوئی جواب نہیں دیا تھا تاہم بعد میں انہوں نے کہا تھا کہ اس بیان نے انہیں تکلیف دی کیونکہ انہوں نے کئی ایسے ڈائریکٹرز اور اداکاروں کو لانچ کیا ہے جو فلم انڈسٹری سے تعلق نہیں رکھتے تھے۔