’میں پاکستانی نہیں ہوں‘ ، یوٹیوبر زارا ڈار کی وضاحت
منگل 24 دسمبر 2024 16:18
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
زارا ڈار پی ایچ ڈی کی طالبہ تھیں (فائل فوٹو: انسٹاگرام)
اپنی پی ایچ ڈی ترک کرنے کا اعلان کرنے والی یوٹیوبر زارا ڈار نے انٹرنیٹ پر بہت تیزی سے شہرت حاصل کر لی ہے۔
زارا ڈار کے وائرل ہونے کے بعد ان سے متعلق سوشل میڈیا پر یہ مشہور ہو گیا تھا کہ ان کا تعلق پاکستان سے ہے تاہم اب زارا ڈار نے خود اس معاملے پر وضاحت جاری کر دی ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق زارا ڈار نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ ’جب سے میں نے یہ ویڈیو بنائی کہ میں نے ’اونلی فینز‘ کے لیے کام کرنے کے لیے پی ایچ ڈی ترک کی ہے، تو اس کے بعد میری نظر سے کئی ایسی پوسٹیں گزری ہیں جن میں میرے متعلق غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہے۔ تاہم میں نے اس معاملے پر تاحال کوئی ایکسکلوسیو انٹرویو تو نہیں دیا ہے البتہ میں کچھ حقائق آپ کے سامنے رکھنا چاہتی ہوں۔‘
وہ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید لکھتی ہیں کہ ’دیگر افواہوں کی طرح ایک اور غلط معلومات بھی میرے ساتھ جوڑی جا رہی ہے کہ میں پاکستانی ہوں، میرا نام ڈارسی ہے اور میں نے اسے مختصر کر کے ڈار رکھا ہے۔‘
زارا ڈار اپنے پاکستانی ہونے کی تردید کرتے ہوئے لکھتی ہیں ’میں احترام کے ساتھ عرض کرنا چاہتی ہوں کہ میں پاکستانی نہیں ہوں، میں امریکی ہوں اور یہیں پلی بڑھی ہوں اور میرے خاندانی پس منظر میں امریکی، ایرانی، یورپی، مشرق وسطیٰ اور انڈین نسلیں شامل ہیں۔‘
زارا ڈار نے ان تمام مصنوعات سے تعلق کی بھی تردید کی جو ان کے نام سے منسوب کر کے بنائی گئی ہیں۔
ان کی جانب سے کہا گیا کہ وہ انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی چھوڑ کر ’اونلی فینز‘ کو بطور پیشہ انتخاب کر تو رہی ہیں لیکن اپنے مضمون کے متعلق اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیوز اپلوڈ کرنا بھی جاری رکھیں گی۔