ملتان میں جاری پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان ٹیم کے سپنر نعمان علی نے اہم کارنامہ سرانجام دیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
ملتان ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری، 7 آؤٹNode ID: 884929
سنیچر کو 38 سالہ نعمان علی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز ہیٹرک کی ہے۔
سپنر نعمان علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے کیون سنکلیئر، ٹیون املاچ اور جسٹن گریوز کو سلسلہ وار پویلین بھیجا۔
نعمان علی نے پاکستان کے لیے بطور سپنر ٹیسٹ میچ میں ہیٹرک کرنے والے پہلے بولر بننے کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔
نعمان علی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 12 ویں اوور کی پہلی، دوسری اور تیسری گیند پر سلسلہ وار وکٹیں حاصل کیں۔
نعمان علی نے ملتان ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز میں ہیٹرک سمیت چھ وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے پہلے پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم نے 26 سال قبل ہیٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کیا اور ایلیٹ لسٹ میں جگہ بنائی تھی۔
حالیہ عرصے میں فاسٹ بولر نسیم شاہ نے بنگلا دیش کے خلاف 2020 میں یہ کارنامہ سر انجام دیا۔
نعمان علی ٹیسٹ فارمیٹ میں ہیٹرک مکمل کرنے والے پاکستان کے پانچویں بولر بن گئے ہیں۔
یاد رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے ہیٹ ٹرک کرنے والوں کی فہرست میں وسیم اکرم اور نسیم شاہ کے علاوہ عبد الرزاق اور محمد سمیع بھی شامل ہیں جن میں پانچویں کھلاڑی کی حیثیت سے نعمان علی نے بھی شمولیت اختیار کر لی ہے۔
نعمان علی کون ہیں؟
نعمان علی سات اکتوبر سنہ 1986 کو صوبہ سندھ کے ضلع سانگھڑ کی تحصیل کپرو میں پیدا ہوئے۔ بائیں بازو کے سپنر نعمان علی نے پاکستان ٹیم میں اپنا ڈیبیو جنوری 2021 میں 34 برس کی عمر میں کیا۔
نعمان علی کے چچا رضوان احمد پاکستان ٹیم میں آل راؤنڈر کے طور پر کھیل چکے ہیں۔ نعمان علی نے لطیف آباد سے کامرس میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔
پاکستان ٹیم میں شامل ہونے سے قبل نعمان علی ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں پرفارم کرتے رہے ہیں جبکہ پی ایس ایل (پاکستان سپر لیگ) میں ملتان سلطانز کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔
نعمان علی نے ٹیسٹ فارمیٹ میں 18 میچز میں شرکت کر کے 23.70 کی ایوریج کے ساتھ 73 وکٹیں حاصل کی ہیں۔