Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جاپانی وفد کی سعودی وژن 2030 کے وزارتی گول میز کانفرنس میں شرکت

ثقافت، کھیل، علم و تحقیق کے شعبوں میں مزید تعاون کی منصوبہ بندی جاری ہے۔ فوٹو عرب نیوز
جاپان کے سرکاری وفد نے مملکت کے دارالحکومت ریاض میں گذشتہ روز سعودی وژن 2030 کے حوالے سے حکومتی عہدیداروں کے ساتھ گول میز کانفرنس میں شرکت کی۔
عرب نیوز کے مطابق جاپانی وزارت خارجہ نے بتایا ہے معیشت، تجارت اور صنعت کے وزیر یوجی موتو اور نائب پارلیمانی وزیر برائے خارجہ امور ہساشی ماتسوموتو جاپان کے سرکاری وفد میں شامل تھے۔
جاپان-سعودی وژن 2030 وزارتی گول میز کانفرنس میں شریک سعودی عہدیداروں میں سرمایہ کاری کے وزیر خالد بن عبدالعزیز الفالح اور سعودی سپورٹس فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ فیصل بن بندر بن سلطان آل سعود شامل تھے۔
وزارت کی جانب سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے  کہ گول میز کانفرنس میں شریک عہدیداروں نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور دسمبر 2023  میں جاپان-سعودی وژن 2030 کے ساتویں وزارتی اجلاس میں ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔
ماتسوموتو نے کہا  ہے کہ ’دونوں ممالک کے درمیان ثقافت، کھیل، علم و تحقیق کے شعبوں میں مزید تعاون کی منصوبہ بندی جاری ہے اور اس پیشرفت سے مطمئن ہیں۔‘
جاپان کے خارجہ امور کے نائب پارلیمانی وزیر نے مزید کہا ’رواں سال دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات کی 70 سال مکمل ہونے پر جاپان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔‘

دونوں ممالک کے مابین سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

جاپانی عہدیداروں نے امید ظاہر کی کہ ورلڈ ایکسپو 2025 جاپان کے شہر اوساکا، کانسائی میں کامیاب رہے گی اور اس کے بعد ورلڈ ایکسپو2030 احسن طریقے سے ریاض میں منعقد ہوگی۔

 

شیئر: