Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد سے صدر احمد الشرع کی ملاقات، شام کی سپورٹ کے طریقوں پر تبادلہ خیال

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اتوار کو ریاض میں اپنے دفتر میں شام کے عبوری صدر احمد الشرع کا خیرمقدم کیا ہے۔
احمد الشرع نے صدارتی منصب سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیرملکی دورے کے لیے سعودی عرب کا انتخاب کیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد نے صدارت کا منصب سنبھالنے پر احمد الشرع کو مبارکباد دی، شامی عوام کی امیدوں اور امنگوں کے حصول میں ان کی کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا۔
احمد الشرع  نے مخلصانہ جذبات، شام اور اس کے عوام کے حوالے سے مملکت کے سپورٹنگ موقف پر شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران شام کی حالیہ صورتحال، شام کی سلامتی اور استحکام  کے حوالے سے سپورٹ کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماوں نے علاقائی صورتحال اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں کا بھی جائزہ لیا۔
سعودی عرب اور شام کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے پہلووں اور انہیں مختلف شعبوں میں آگے بڑھانے کے مواقع پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان اور دیگر وزرا اور عہدیدار بھی موجود تھے۔
شامی صدر احمد الشرع سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کےفروغ اور باہمی تعاون کے لیے دورہ کر رہے ہیں۔ 
اس سے قبل العربیہ کو انٹرویو میں احمد الشرع نے ملک کے عبوری دور میں سعودی عرب کے کردار کی تعریف کی تھی۔
 خصوصی انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا ’سعودی عرب نے شام کے لیے جو کچھ کیا ہے اس پر مجھے فخر ہے، شام کے مستقبل میں مملکت کا اہم کردار ہے۔‘
واضح رہے ھیتہ التحریر الشام (ایچ ٹی ایس) گروپ کے رہنما نے حملے کی قیادت کی جس کے نتیجے میں بشار الاسد کا تختہ الٹ دیا گیا اور خاندان کی پانچ دہائیوں پر محیط حکومت کا خاتمہ ہوا۔

 

شیئر: