انویسٹمنٹ فنڈ انٹرنیشنل ویمنز چیمپئن شپ آج سے شروع
جمعرات 13 فروری 2025 10:02
’چیمپئن شپ اس سے نئے فارمیٹ میں منعقد کی جارہی ہے جس میں ہر ٹیم میں 4 پروفیشنل کھلاڑی ہوں گی‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی انویسٹمنٹ فنڈ انٹر نیشنل ویمنز چیمپئن شپ کا آغاز آج جمعرات سے ہوگا اور یہ 15 فروری تک جاری رہے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی انویسٹمنٹ فنڈ انٹرنیشنل ویمنز چیمپئن شپ اس سے نئے فارمیٹ میں منعقد کی جارہی ہے جس میں ہر ٹیم میں 4 پروفیشنل کھلاڑی ہوں گی۔
نئے فارمیٹ کے تحت ہر ہول میں ٹیم کے بہترین دو سکور کو حتمی ٹیم سکور میں شامل کیا جائے گا۔
اس سال کے ٹورنامنٹ کی سب سے نمایاں خصوصیت مردوں اور خواتین کی چیمپئن شپ میں یکساں انعامی رقم مقرر کرنا ہے جو خواتین گالف کی ترقی اور سپورٹ کے لیے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔
عالمی درجہ بندی میں 11 ویں نمبر پر موجود کھلاڑی چارلی ہال دنیا کی بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ سخت مقابلہ کریں گی۔
ٹورنامنٹ سے قبل منعقد پریس کانفرنس میں ہال نے کہا ہے کہ ’ان کا مقصد صرف ٹائٹل جیتنا نہیں بلکہ اپنی جسمانی فٹنس کو مزید بہتر بنانا اور نئے اہداف حاصل کرنا بھی ہے‘۔