Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ خالد رائل ریزرو  قدرتی حسن اور منفرد جغرافیائی ورثہ

چٹانوں کی بناوٹ گواہ ہے کہ خطہ ماحولیاتی و موسمیاتی تبدیلیوں سے گزرا ہے۔ فوٹو واس
ریاض کے قریب کنگ خالد رائل ریزرو سعودی عرب کے دلکش اور تاریخی عجوبوں میں سے ہے جہاں قدرتی طور پر چٹانوں اور پہاڑوں کی منفرد اشکال ہزاروں سال سے موجود ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق یہ علاقہ مختلف موسمی تبدیلیوں، قدرتی طور پر بنے کٹاؤ اور جغرافیائی عوامل سے وجود میں آیا ہے۔
ریاض کے وسط سے ایک گھنٹے سے کم مسافت پر موجود کنگ خالد رائل ریزرو  کو پہلے الثمامہ وائلڈ لائف پارک کے نام سے جانا جاتا تھا جو شہری زندگی کی سرگرمیوں سے دور پُرسکون ماحول  کے لیے بہترین جگہ ہے۔
علاقے کا حسن سیاحوں، فوٹوگرافی، قدرتی مناظر کے شوقین اور مہمات کے شوقین افراد کے لیے مثالی مقام ہے۔
کنگ خالد  ریزرو اپنی بہترین جغرافیائی خصوصیات کی وجہ سے خاص اہمیت رکھتا ہے،جہاں سب سے نمایاں العرومہ پہاڑ ہیں جو قدرتی غاروں، چٹانی ستونوں اور آبی گزرگاہوں پر پتھروں سے بنے پل اسے منفرد قدرتی عجوبہ بناتے ہیں۔

یہاں کیمپنگ کر کے سیاح قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ فوٹو واس

فطرت کے حسن سے بھرپور یہ تقریباً 700 کلومیٹر کے وسیع رقبے پر پھیلا ہوا ہے جہاں کے سنگلاخ چٹانیں، کھلی وادیاں، قدرتی چشمے اور منفرد اشکال کے پہاڑ اس کی جغرافیائی اہمیت کو مزید بڑھاتا ہے۔
حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے’علاقے کی چٹانیں اور زمینی بناوٹ اس بات کی گواہ ہیں کہ یہ خطہ ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے گزرا ہے جو سیاحت کے علاوہ تحقیقی اور سائنسی نقطہ نظر سے بھی اہم ہے۔‘

جنگلی حیاتیاتی کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ فوٹو واس

ماہرین ارضیات اور ماحولیاتی سائنسدان علاقے کا مطالعہ کرکے قدیم جغرافیائی عوامل کے بارے میں سربستہ راز اور اہم معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
موسم سرما میں یہ ریزرو ماحولیاتی سیاحت(ایکوٹورزم) کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے جہاں سیاح کیمپنگ کر کے قدرتی مناظر سے لطف اندوز  ہونے کے ساتھ ساتھ مختلف تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔

موسم سرما میں یہ ریزرو ’ایکوٹورزم‘ کے لیے بہترین مقام ہے۔ فوٹو واس

ریزرو جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے بھی اہمیت کا حامل ہے ، یہاں نایاب اور مقامی جنگلی حیات کی موجودگی ماحولیاتی نظام کی خوبصورتی ظاہر کرتی ہے۔ 
حکومت کی جانب سے یہاں کے قدرتی ماحول اور جنگلی حیاتیاتی میں اضافہ اور تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
 

 

شیئر: