Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ عبدالعزیز رائل ریزرو میں رینگنے والے جانوروں پر تحقیق

تحقیقی مطالعہ نایاب اقسام کے جانوروں کے تحفظ کی کوششوں کا حصہ ہے (فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے  کنگ عبدالعزیز رائل ریزرو میں رینگنے والے جانوروں کی اقسام پر کی جانے والی تحقیق کی تفصیلی فہرست اہم سائنسی جریدے میں پہلی بار پیش کی گئی ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق منگل کو بتایا گیا کہ ’رائل ریزرو کی ترقیاتی اتھارٹی کے ذریعے کی گئی یہ مطالعاتی تحقیق ’Amphibian & Reptiles Conservation‘ جریدے میں شائع ہوئی ہے۔
تحقیق کاروں نے رائل ریزرو میں مختلف قسم کے 1551 تجربات کے بعد رینگے والے جانوروں کی 31 اقسام کی نشاندہی کی ہے جن میں 25 اقسام چھپکلیوں کی اور 6 سانپوں کی ہیں۔
مزید برآں رینگنے والے جانوروں کی تین اقسام کو پہلی بار دستاویزی شکل دی گئی ہے جس سے ریزرو میں موجود جانوروں کی مجموعی تعداد 34 ہو گئی ہے۔
تحقیق میں خطرے سے دوچار دو اقسام کا احاطہ کیا گیا ہے، جن میں مصری مانیٹر چھپکلی اور گِرگٹ جیسے رینگنے والے جانور  شامل ہیں۔ 
مطالعے کے مطابق ان دونوں اقسام کو موسمیاتی تبدیلیوں اور انسانی سرگرمیوں سے خطرات لاحق ہیں۔
نومبر 2022 سے اکتوبر 2023 تک جاری رہنے والی تحقیق میں جینیاتی بارکوڈنگ کی مدد سے رائل ریزرو کی ماحولیاتی صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا۔

رائل ریزرو میں رینگنے والے جانوروں کی 31 اقسام کی نشاندہی کی گئی ہے (فائل فوٹو: گیٹی امیجز)

سعودی وژن 2030 پروگرام اور سعودی گرین انیشیٹو کے مطابق  یہ تحقیقی مطالعہ نایاب اقسام کے جانوروں کے تحفظ اور  مملکت میں جنگلی حیات کو برقرار رکھنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
محققین  نے ماحولیاتی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے بہتر مانیٹرنگ اور تحفظ کی حکمت عملی پر زور دیا ہے۔
 

 

شیئر: