Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عدالت میں ملیں گے‘، مشتاق احمد، وسیم اکرم اور وقار یونس کا نیا ’تنازع‘ کیا ہے؟

وقار یونس نے مزاحیہ انداز میں مشتاق احمد سے معافی مانگ لی۔ (فوٹو: سکرین شاٹ یوٹیوب)
پاکستان کے سابق سپنر مشتاق احمد نے سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم اور وقار یونس کو بالترتیب 15 اور 20 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مشتاق احمد نے یہ بات نجی ٹی وی چینل پر چلنے والے شو ڈرسینگ روم میں کی جہاں انہوں نے ویڈیو پیغام بھجوایا کہ وہ وسیم اکرم اور وقار یونس کو ہرجانے کا نوٹس بھیج رہے ہیں۔
مشتاق احمد اپنے ویڈیو پیغام میں کہتے ہیں کہ ’میرے دو کولیگز ہیں جن سے مجھے بہت محبت ہے مگر وہ میرے بارے میں بہت غلط باتیں کرتے ہیں، میری کوچنگ پر تنقید کرتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’کیونکہ اب قانون بہت اچھا آگیا ہے، ڈیجیٹل کا زمانہ ہے، سوشل میڈیا کا زمانہ ہے تو میں آپ کے پروگرام کے توسط سے پیغام بھجوانا چاہ رہا ہوں کہ میرا وکیل اُنہیں عنقریب نوٹس بھجوا رہا ہے، وقار یونس صاحب کو 20 کروڑ کا اور وسیم اکرم پر 15 کروڑ کا۔‘
شو کے ہوسٹ فخر عالم سے مزید بات کرتے ہوئے مشتاق احمد نے کہا کہ وقار یونس کو بتا دیں کہ لڑائی قد سے نہیں حوصلے سے ہوتی ہے جب میں کھیلا کرتا تھا تو مجھ میں بہت ٹیلنٹ تھا۔
اس ویڈیو کے جواب میں وسیم اکرم اور وقار یونس قہقہ لگا کر ہنستے ہیں۔
وقار یونس کہتے ہیں کہ میرے اوپر ہرجانہ زیادہ کیوں رکھا ہے، مشی بھائی نے یہ جو ویڈیو بھیجی ہے اس سے ہمارا پروگرام بہت اچھا ہو جائے گا۔
وسیم اکرم نے کہا کہ جب بھی آپ کو نائٹ واچ مین کے لیے بھیجا ہے آپ صفر پر آؤٹ ہو جاتے تھے۔
وسیم اکرم نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اب عدالت میں ملیں گے۔
اسی طرح وقار یونس نے مزاحیہ انداز میں مشتاق احمد سے معافی مانگ لی۔

 

شیئر: