نیویارک..... ہوٹلوں میں کھانا کھانے یا کسی سے بھی کوئی خدمت لینے پرہمیشہ ہی یہ مسئلہ رہتا ہے کہ اسے کتنی ٹپ دی جائے۔ اگرچہ ٹپ دینا ایک روایت بن چکا ہے لیکن متعدد مغربی ممالک میں ہوٹلوں میں کھانا کھانے کے بعد یہ مسئلہ درپیش رہتا ہے کہ ٹپ دی جائے اورساتھ ہی ٹپ لینے والے کو ناراض بھی نہ کیا جائے۔ بعض مرتبہ تو کھانے کی قیمت کا 25فیصد تک ٹپ دی جاتی ہے۔ امریکہ جیسے چند ملکوں میں تو خدمت گار بل کا 25فیصد ٹپ میں ملنے کے منتظر رہتے ہیں اور اگر اس سے کم دی جائے تو وہ لڑنے بھڑنے کیلئے بھی تیار رہتے ہیں تاہم ایشیا کے متعدد ملکوں میں ٹپ دینے کو بھی غلط سمجھا جاتا ہے اور بعض خدمت گار تو اسے بھیک سے تعبیر کرتے ہیں۔ امریکہ کے ایک ادارے گڈ ہاﺅس کیپنگ انسٹی ٹیوٹ کی تحقیقی رپورٹ نے ٹپ دینے والوں کی مدد کی ہے او راس نے ایسے لوگوں کو بتایا ہے کہ کس ملک میں کتنی ٹپ مناسب رہیگی۔ آسٹریلیا او رنیوزی لینڈ کے ہوٹلوں میں 10سے 15فیصد ٹپ، کینیڈا میں 20فیصد جبکہ مصر میں 5سے 10فیصد ٹپ مناسب رہتی ہے۔ جاپان میں ٹپ کی کوئی روایت نہیں اور اگر آپ ویٹر کو ٹپ دیتے ہیں تو اسکی جانب سے لڑائی جھگڑے کیلئے بھی تیار رہیں۔ دوسری جانب امریکہ میں ہر ویٹر زیادہ سے زیادہ ٹپ ملنے کا منتظر ہوتا ہے اور اگر آپ ٹپ نہیں دیتے تو اسکا موڈ بگڑ جاتا ہے۔ فرانس میں باقاعدہ ایک قانون کے تحت بل میں ہی سروس چارجز کو شامل کرلیا جاتا ہے مگر اس کے باوجود بعض مقامی لوگ کچھ نہ کچھ سکے اپنی پلیٹ میں رکھ کر ہی ٹیبل سے اٹھتے ہیں۔امریکہ میں ٹیکسی ڈرائیور بھی ٹپ کے منتظر رہتے ہیں۔ بعض جنوبی ایشیائی ممالک میں ٹپ ضروری نہیں ہوتی۔اگرچہ ٹپ دینے کو آپ کی طرف سے اچھی سروس پر تعریف کا اظہار سمجھا جاتا ہے۔