نئی دہلی- - - وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ مغربی بنگال میں تشدد اور فرقہ واریت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ملک بھر میںگائے کے نام پرمشتعل بھیڑ کے ہاتھوں پیٹ پیٹ کر ہلاک کیے جانے کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے حتیٰ کہ مغربی بنگال جیسے صوبہ میں بھی اس قسم کا انسانیت سوز واقعہ پہلی مرتبہ پیش آیا ہے۔ریاست کے سرکردہ دانشور اور سیکولر لیڈران اس کو ایک خطرے کی گھنٹی کے طور پر دیکھتے ہیںچنانچہ امام عید قاری فضل الرحمن نے شمالی دیناج پور کے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بنگال کی سیاست کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے۔ قاری فضل الرحمن جب اس موضوع پر خطاب کر رہے تھے اس وقت عید گاہ میں ریاست کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی بھی موجود تھیں۔ قاری فضل الرحمن نے اپنے خطاب میں ہریانہ میں حافظ جنید کی ہلاکت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسلمانوں کی شناخت پر حملہ ہے اور مسلمانوں کو اجتماعی طور پر ڈرانے و دھمکانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ امام عیدین نے مسلم ممبران پارلیمنٹ و لیڈران سے کہا کہ وہ آخر خاموش کیوں ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیڈران و سیکولر لیڈروں کو اسکے خلاف آواز بلند کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شمالی دیناج پور میں 3مسلم نوجوان کی گائے چوری کے الزام میں پٹائی اور اسکے نتیجے میں ہلاکت سنگین واقعہ ہے۔اس کی اعلیٰ سطحی تحقیقات ہونی چاہیے۔