ریاض- - - - - - پاکستان علماء کونسل نے وحدت امہ کانفرنس کے موقع پر قطر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عرب بھائیوں کے مطالبات تسلیم کر لے۔ کوئی بھی مطالبہ مسترد کرنے پر مسائل مزید بڑھیں گے اور پیچیدگیوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ کانفرنس کے دوران ترکی سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ امت مسلمہ کے درمیان تفرقہ و انتشار کا سبب بننے کے بجائے فریقین میں مصالحت کا کردار ادا کرے ، فریق نہ بنے۔ کونسل کے سربراہ علامہ محمد طاہر اشرفی نے واضح کیا کہ قطر کے ساتھ اختلافات کا فائدہ صرف اور صرف حرمین شریفین کے امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے والی طاقتوں کو ہو گا۔ انہو ںنے قطر سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے سے پرہیز کرے اور مسائل جی سی سی ممالک کے ساتھ مذاکرات کر کے حل کرنے کا اہتمام کرے۔ خلیج اور حرمین شریفین کے امن کو خطرات سے دوچار نہ کرے۔ کانفرنس میں پاکستان کی مختلف سیاسی اور نظریاتی جماعتوں کے قائدین شریک ہوئے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اب وہ وقت آ چکا ہے کہ امت مسلمہ مملکت سے لے کر پاکستان تک دہشت گرد ، خارجی اور تکفیری طاقتوں کے خلاف فکری اور عسکری اتحاد قائم کرلیں۔