سیئول- - - - - کوریائی ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے اعلان کیا ہے کہ وہ گیلکسی نوٹ 7 فون کے پارٹس استعمال کرتے ہوئے ایک نیا فون متعارف کروا رہے ہیں۔ یاد رہے کہ گیلکسی نوٹ 7 فون کو اس وقت روک دیا گیا تھا جب اس کے کچھ ماڈلز کے چارجنگ کے دوران پھٹنے کے واقعات سامنے آئے تھے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ نوٹ فین ایڈیشن نامی اس نئے فون کو بنانے اور نوٹ 7 فون کے پارٹس استعمال کرنے سے ماحولیاتی آلودگی میں کم سے کم اضافہ ہوگا۔یہ نیا فون 7 جولائی سے جنوبی کوریا میں متعارف کروایا جائے گا، اور اس میں محفوظ تر اور قدرے چھوٹی بیٹری ہوگی۔گیلکسی نوٹ 7 فون کے 25 لاکھ سیٹ واپس منگوائے گئے تھے۔ نئے فون میں ان واپس منگوائے گئے فونز کے پارٹس کو استعمال کیا جائے گا۔ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے کام کرنے والے کارکنان سام سنگ کمپنی پر دباؤ ڈالتے رہے ہیں کہ وہ واپس منگوائے گئے فونز کے پارٹس کا استعمال کریں تاکہ ماحول پر کم سے کم برا اثر پڑے۔خیال کیا جا رہا ہے کہ سام سنگ اب 4لاکھ نئے سیٹ بنائے گا اور ان کی قیمت نوٹ 7 کے مقابلے میں 30 فیصد کم ہوگی جو کہ تقریباً 615 امریکی ڈالر کے لگ بھگ ہوگی۔نئے فونز میں 3200 ملی ایمپیئر آور کی بیٹری ہوگی۔ واضح رہے کہ نوٹ 7 میں 2500 ملی ایمپیئر آور کی بیٹری تھی۔ادھر سام سنگ گیلکسی نوٹ 8 جو کہ نوٹ 7 کا نیا ماڈل ہے اسی سال آئندہ متعارف کروایا جانا ہے۔