ریاض۔۔۔۔محکمہ پاسپورٹ نے وزارت خزانہ اور نیشنل انفارمیشن سینٹر کے اشتراک سے مرافقین فیس پر عملدرآمد شروع کردیا۔فیس سالانہ وصول کی جائیگی۔ تمام بینکوں میں سسٹم اپ ڈیٹ کردیا گیا ہے۔ محکمہ جوازات نے واضح کیا ہے کہ فیس مرافق اور تابع دونوں سے لی جائیگی اس میں کسی کے ساتھ کوئی فرق نہیں ہوگا۔ مقیم غیر ملکی کے ’’التابعین‘‘میں بیوی، 18برس سے کم عمر کے بیٹے اور بیٹیاں شامل ہونگی جبکہ مرافقین سے مراد 18برس اور اس سے زیادہ عمر کے بیٹے، دوسری تیسری اور چوتھی بیوی، ماں باپ، ساس سسر اور گھریلو عملےہیں۔ فیس مرافق اور تابع دونوں سے لی جائیگی۔خروج نہائی لیتے وقت اگر خروج نہائی کا 2ماہ کا وقفہ اقامے کی مدت میں شامل ہوگا تو اس پر کوئی اضافی فیس نہیں ہوگی تاہم اگر خروج نہائی کا وقفہ اقامے کی میعاد سے خارج ہوگا تو ایسی حالت میں باقی ماندہ مدت مہینے یا دن کے لحاظ سے فیس وصول کی جائیگی۔فیس میں نومولود بھی شامل ہونگے اگر کسی غیر ملکی نے نومولود کا اندراج نہ کرایا ہوگا تو ایسی حالت میں اس سے نومولود کی پیدائش کے وقت کی تاریخ سے ہی فیس وصول کی جائیگی۔ہر حال میں فیس پر عملدرآمد یکم جولائی 2017سے ہی موثر ہوگی۔امسال یکم جولائی 2017سے فی کس 100ریال اور آئندہ برس 2018میں یکم جولائی سے200ریال فی کس وصول کئے جائیں گے۔