بنگلور ۔۔۔۔کسی کو یہ نہیں معلوم کہ یہ افواہ کیسے شروع ہوئی لیکن گزشتہ شب تک پورے شہر میں پھیل چکی تھی کہ خواتین جو منگل سوتر پہنتی ہیں اس کے دانے ان کے شوہروں کیلئے نیک شگون نہیںاور ان کی وجہ سے ان کے شوہر فوت ہوسکتے ہیں۔ کرناٹک کے 6اضلاع اور آندھرا پردیش کے چند سرحدی اضلاع اس افواہ کی لپیٹ میں آچکے تھے۔ خواتین نے اس توہم پرستی کے نتیجے میں منگل سوتر سے یہ دانے توڑ کر پھینک دیئے۔ مقامی ٹی وی چینلز نے بھی ایسی خواتین کو دکھایا جو یہ دانے توڑ کر پھینک رہی ہیں۔ بلاری ،چتر درگااور رائے چور اضلاع میں اس افواہ سے خوف و ہراس پایا گیا۔ صورتحال بے قابو ہونے کے بعد خواتین اور بچوں کی بہبود کی وزارت نے اپیل جاری کی کہ خواتین ان افواہوں سے گمراہ نہ ہوں۔محکمہ نے اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ فوراً عوام میں آگہی مہم چلائیں اور افواہ پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔