ریاض( نیوز ڈیسک) منعقد ہونے والی جی20کانفرنس میں شرکت کرنے والی ریم الغامدی پہلی سعودی خاتون ہیں۔ انہوں نے گرلز20میں سعودی عرب کی نمائندگی کی ۔ سبق ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں پہلی سعودی خاتون ہوں جس نے جی 20کے تحت گرلز20میں سعودی عرب کی نمائندگی کی ہے۔ گرلز20کے شرکاء نے دنیا بھر میں خواتین کے بہتر مستقبل کے لئے موثر تجاویز پیش کی ہیں۔ گرلز 20نے سربراہوں کو یادداشت پیش کی ہے جس میں مطالبہ کیا ہے کہ 2025ء تک خواتین کے لئے 10لاکھ اسامیاں پیدا کی جائیں۔ ریم الغامدی نے کہا کہ رضاکارانہ کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا اور معاشرے کی فلاح وبہبود کے لئے محنت کرنے کا نتیجہ ہے کہ مملکت کے حکام نے سعودی عرب کی نمائندگی کرنے کے لئے میرا انتخاب کیا۔جی 20میں میں واحد عرب خاتون تھی جس نے عرب خواتین کے مستقبل کے متعلق واضح وژن پیش کیا۔ گرلز 20نے جو تجاویز پیش کی ہیں ان میں رکن ممالک کی خواتین کو جامعات، ریسرچ سینٹرز اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں مواقع فراہم کئے جائیں۔ریم نے کہا کہ انہوں نے شہزادہ عبد الرحمن بن فیصل یونیورسٹی سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں اعلی ڈگری حاصل کی ہے۔اس سے پہلے کئی عالمی محافل میں سعودی عرب کی نمائندگی کی ہے۔