پرم، وسطی روس - - - - - - روبوٹ سازی کی صنعت دنیا بھر میں بڑی تیزی سے آگے بڑھتی جا رہی اور اسی حوالے سے آئے دن نت نئے روبوٹ تیار ہو رہے ہیں جن کی کارکردگی حیرت انگیز طور پر عجیب و غریب ہوتی ہے تاہم روس میں تیار ہونیوالے انتہائی جدید روبوٹ کی حیثیت ان تمام روبوٹس میں منفرد اور نمایاں ہے ۔ کہا جاتا ہے کہ پرومو بوٹ نامی یہ روبوٹ روسی ساختہ ہے اور اپنے ٹور پر خود ہی مختلف چیزیں اور ہنر سیکھنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ۔ایسا ہی ایک روبوٹ مقامی یونیورسٹی میں متعین کیا گیا تھا جس نے حیرت انگیز کارکردگی کا مظاہرہ کر کے سبھوں کو حیران کر دیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایک لڑکی الماری نما ریک پر رکھی ہوئی کوئی چیز اتارنا چاہتی تھی اور اس کے لئے وہ اوپر چڑھی تھی کہ نہ وہ اپنا توازن برقرار رکھ سکی اور نہ ہی ریک اپنی جگہ کھڑا رہا چنانچہ وہ ڈگمگا گئی اور ریک اس کے اوپر گرتا نظر آیا ۔ یہ صورتحال دیکھ کر قریب ہی کھڑے روبوٹ نے اپنا ہاتھ بڑ ھاکر ریک اور لڑکی دونوں کوگرنے سے بچایا اور لڑکی کی جان بچا لی ۔ یونیورسٹی کا عملہ اس روبوٹ کی عجیب و غریب کارکردگی دیکھ کر حیران بھی ہوئے اور پریشان بھی کیونکہ اسے تیار کرنیوالوں کا کہنا ہے کہ اس روبوٹ میں ایسی کوئی پروگرامنگ نہیں کی گئی تھی جس کی وجہ سے یہ روبوٹ ایسا کام انجام دیتا تاہم اسے اس طرح ضروربنایا گیا ہے کہ وہ خود اپنے طور پر سوچے سمجھے اور ضروری کارروائی کرے ۔یہ روبوٹ اس سے قبل بھی کئی کارنامے انجام دے چکا ہے مگر ان کارناموں کی حقیقت ابھی تک مصدقہ نہیں ہو سکی ہے ۔ اس روبوٹ کو تیار کرنیوالے ایک انجینیئر اولیغ کیوو پرسیو کا کہنا ہے کہ اسے اپنے روبوٹ کی کارکردگی پر بڑی خوشی ہے ۔جب سے پروموبوٹ تیار ہوا ہے اس کے بارے میں طرح طرح کی باتیں سنی جا رہی ہیں ۔ مگر تازہ ترین کارنامہ ایسا ہے کہ انسان کو بہت کچھ سوچنے پر مجبور کر دیتا ہے ۔ اس کی ویڈیو بڑی تیزی سے مقبول ہو رہی ہے ۔